آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل اور ان کی اہلیہ وینی رامن کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام مائیا میکسویل رکھا گیا ہے۔
جوڑے نے سوشل میڈیا پر نومولود بیٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور لکھا کہ ہماری خوابوں کی بیٹی مائیا میکسویل دنیا میں آگئی۔ اعلان کے بعد سابق کرکٹرز، کرکٹ ٹیموں، اہل خانہ اور مداحوں کی جانب سے جوڑے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
گلین میکسویل اور وینی رامن پہلے ہی ایک بیٹے کے والدین ہیں۔ ان کے پہلے بچے لوگن ماورک میکسویل کی پیدائش ستمبر 2023 میں ہوئی تھی۔
گلین میکسویل اور وینی رامن کی پہلی ملاقات دسمبر 2013 میں ہوئی تھی جس کے بعد دونوں میں دوستی ہوئی اور پھر یہ تعلق محبت میں بدل گیا۔ دونوں نے فروری 2020 میں منگنی کی اور 27 مارچ 2022 کو میلبورن میں شادی کی۔
میکسویل نے جون 2025 میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 149 ون ڈے میچز میں 3,990 رنز بنائے اور 77 وکٹیں حاصل کیں۔
وہ 2015 اور 2023 میں ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ بھی رہے۔ 2023 کے ورلڈ کپ میں انہوں نے افغانستان کے خلاف ممبئی میں ناقابل شکست 201 رنز کی یادگار اننگز کھیل کر کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام رقم کیا تھا۔