کراچی:
شہر قائد میں سگ گزیدگی کے بڑھتے واقعات سے متاثر ایک اور شہری آوارہ کتوں کا شکار ہوگیا۔
قیوم آباد کا 24 سالہ نوجوان شہریار ریبیز کے باعث جناح اسپتال میں انتقال کرگیا۔ شہریار کو 2 ماہ قبل آوارہ کتے نے کاٹا تھا، تاہم کتے کے کاٹنے کے بعد اس نے ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوائی۔
شہریار کو آج صبح 3 بج کر 40 منٹ پر جناح اسپتال کی ایمرجنسی لایا گیا۔ مریض ایک ہفتے سے چڑچڑاپن، بے چینی اور پانی سے خوف کی علامات میں مبتلا تھا۔ اسے ریبیز اینسیفلائٹس کے شبہ میں علاج فراہم کیا گیا۔
جناح اسپتال کی نیورومیڈیسن ٹیم نے مریض کا معائنہ کیا۔ شہریار کو سکون آور ادویات بھی دی گئی تھیں، تاہم وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکا اور آج صبح 9 بجے انتقال کرگیا۔
واضح رہے کہ رواں سال 18 افراد ریبیز کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔ ان میں 11 اموات انڈس اسپتال جبکہ 7 افراد جناح اسپتال میں انتقال کرچکے ہیں۔
رواں سال سے اب تک مجموعی طور پر 30 ہزار سے زائد سگ گزیدگی کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔