کراچی:
شہر قائد کو ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا بڑا مرکز بنانے کا بڑا منصوبہ سامنے آ گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے زونگ چائنا موبائل پاکستان (CMPak) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں کراچی میں زونگ کے AI-Ready ٹائر-III ڈیٹا سینٹر کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سندھ حکومت اور سی ایم پاک نے منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں جدید ڈیٹا سینٹر کے قیام کے لیے زونگ کو مکمل تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر میں سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت اور نوجوانوں کے مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق زونگ نے کراچی ڈیٹا سینٹر منصوبے میں 4 ارب روپے سے زائد کی ابتدائی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جبکہ زونگ آئندہ 10 برسوں کے دوران منصوبے میں مزید 14 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کو خطے کا اہم ٹیکنالوجی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت کا مرکز بنایا جائے گا۔ AI-Ready ڈیٹا سینٹر سے کلاؤڈ کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت اور مقامی ڈیٹا ہوسٹنگ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں جدید ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی منصوبوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو زونگ کے منصوبے کے لیے درکار سہولیات اور رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
زونگ پاکستان کے چیئرمین اور سی ای او ہوو جون لی نے اس موقع پر سندھ حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے طویل المدتی سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی ڈیٹا سینٹر منصوبہ پاکستان کی ڈیجیٹل خودمختاری، آئی ٹی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ مستقبل کی معیشت ڈیٹا، مصنوعی ذہانت اور کلاؤڈ ٹیکنالوجیز سے جڑی ہے اور سندھ اس شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرے گا۔ زونگ کا کراچی ڈیٹا سینٹر منصوبہ ڈیجیٹل پاکستان وژن، سی پیک اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے ہم آہنگ ہے۔