خیبرپختونخوا؛ 14 اگست کو ڈوبنے والے تمام 5 افراد کے جسدِ خاکی برآمد

آخری لاپتا شخص کا جسدِ خاکی آج نوشہرہ سے برآمد کیا گیا، جس کے بعد سرچ آپریشن مکمل ہوگیا


ویب ڈیسک August 20, 2026

پشاور:

ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا نے 14 اگست کو ہنڈ صوابی، چارسدہ اور دیگر مقامات پر ڈوبنے کے بعد لاپتا ہونے والے تمام 5 افراد کی تلاش کا سرچ آپریشن مکمل کرلیا۔

ریسکیو 1122 کے ماہر غوطہ خوروں نے مشکل اور خطرناک حالات کے باوجود مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھتے ہوئے مرحلہ وار تمام لاپتا افراد کے جسدِ خاکی برآمد کرلیے۔ آخری لاپتا شخص کا جسدِ خاکی آج نوشہرہ سے برآمد کیا گیا، جس کے بعد سرچ آپریشن مکمل ہوگیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثات میں مردان سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 3 افراد، باپ اور اس کے 2 بیٹے بھی شامل تھے، جو پانی میں ڈوبنے کے بعد لاپتا ہوگئے تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے مسلسل تلاش کے بعد تینوں کے جسدِ خاکی بھی برآمد کرلیے۔

سرچ آپریشن کی براہ راست نگرانی ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا شاہ فہد نے کی، جبکہ صوابی، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ اور مردان کی ماہر غوطہ خور اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے آپریشن میں حصہ لیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق تیز پانی کے بہاؤ، گہرائی اور مشکل حالات کے باوجود غوطہ خوروں نے مسلسل کارروائیاں جاری رکھیں اور تمام لاپتا افراد کو تلاش کرلیا۔

ڈی جی ریسکیو 1122 شاہ فہد نے سرچ آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیموں کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور مسلسل کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی لاپتہ افراد کی تلاش اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنا ریسکیو 1122 کی اولین ترجیح ہے۔