اسلام آباد:
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کال سینٹرز سے گرفتار 671 غیر ملکیوں کو فارن بلیک لسٹ میں ڈالنے اور ان کا مستقبل میں پاکستان میں داخلہ مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار غیر ملکیوں کو کسی بھی صورت دوبارہ پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان افراد کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ان افراد کے مقامی روابط کی بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ نیٹ ورک میں شامل دیگر عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔
دفتر خارجہ کے ذریعے متعلقہ ممالک کو بھی ان افراد کے جرائم سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد فراڈ، بلیک میلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے جبکہ ان میں سے بعض ملزمان آن لائن لائیو فحش مواد کی عالمی سطح پر فروخت میں بھی ملوث پائے گئے۔