جدید کرکٹ میں ٹیسٹ بیٹنگ کا زوال، کیا کھلاڑی مشکل حالات کا سامنا کرنا بھول گئے؟

ماضی میں انگلش کاؤنٹی کرکٹ نوجوان اور غیر ملکی بیٹرز کے لیے ایک بہترین تربیتی میدان تھی


اسپورٹس ڈیسک August 21, 2026

کرکٹ کے بدلتے انداز نے جہاں کھیل کو تیز اور پرکشش بنایا ہے، وہیں ٹیسٹ بیٹنگ کی تربیت اور تکنیک پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔

ماضی کے عظیم بیٹرز کا ماننا تھا کہ کامیاب بیٹنگ بنیادی طور پر جسم، ہاتھوں، بلے اور گیند کے درمیان درست توازن اور زاویوں کا کھیل ہے۔

سابق عظیم کھلاڑیوں جیفری بائیکاٹ، ٹِڈ ڈیکسٹر اور سنیل گواسکر کی سوچ میں ایک بات مشترک تھی کہ بیٹنگ میں سادگی، توازن، بار بار مشق اور حالات کے مطابق خود کو ڈھالنا بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

ماضی میں انگلش کاؤنٹی کرکٹ نوجوان اور غیر ملکی بیٹرز کے لیے ایک بہترین تربیتی میدان تھی۔

طویل دورانیے کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں مختلف پچز، بولرز اور مشکل حالات کا مسلسل سامنا کھلاڑیوں کو اپنی کمزوریاں دور کرنے کا موقع دیتا تھا۔

کئی عظیم ٹیسٹ بیٹرز نے کاؤنٹی کرکٹ سے یہی تجربہ حاصل کیا۔

تاہم جدید دور میں فرنچائز لیگز، مختصر فارمیٹس اور مصروف شیڈول نے ریڈ بال کرکٹ کو کھلاڑیوں کی ترجیحات میں پیچھے کردیا ہے۔

اس خلا کو پر کرنے کے لیے اسپورٹس سائنس، ویڈیو تجزیے اور بائیومکینکس ضرور آئے مگر صرف تکنیکی نظریات کسی کھلاڑی کو مکمل بیٹر نہیں بنا سکتے۔

اسٹیو اسمتھ کی منفرد تکنیک کی مثال دیتے ہوئے نشاندہی کی گئی کہ ایک عظیم کھلاڑی کا کامیاب انداز ہر بیٹر کے لیے قابلِ تقلید فارمولا نہیں ہوسکتا۔

اصل تربیت مسلسل مشکل حالات، ناکامی اور عملی تجربے سے حاصل ہوتی ہے اور اگر نوجوانوں کو یہ موقع نہ ملا تو ٹیسٹ کرکٹ میں متحرک گیند کا سامنا کرنے کی مشکلات مزید بڑھتی رہیں گی۔