خاتون ٹک ٹاکر کے قتل کے کیس میں اہم پیش رفت، 2 مبینہ شوٹرز گرفتار

ٹک ٹاکر عائشہ گلمنہ کو 14 اگست کو قتل کیا گیا تھا جبکہ واقعے کا مقدمہ تھانہ ٹیکسلا میں درج ہے۔


ویب ڈیسک August 22, 2026

راولپنڈی کے علاقے ٹیکسلا میں خاتون ٹک ٹاکر عائشہ گلمنہ کے قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پولیس نے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث 2 شوٹرز کو گرفتار کر لیا ہے جس کے بعد مقدمے میں گرفتار ملزمان کی مجموعی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

نئی گرفتاریوں کے بعد قتل کیس کی تحقیقات نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے اور پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔

پولیس نے شوٹرز کی گرفتاری کے بعد غیرت کے نام پر قتل اور قریبی عزیزوں کے ممکنہ کردار سمیت مختلف زاویوں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاکر عائشہ گلمنہ کو 14 اگست کو قتل کیا گیا تھا جبکہ واقعے کا مقدمہ تھانہ ٹیکسلا میں درج ہے۔