ذیابیطس سے لے کر آنکھوں کی صحت تک، بھنڈی کے حیران کن فوائد جانیے

غذائیت سے بھرپور یہ سبزی صحت کے لیے متعدد فوائد رکھتی ہے


ویب ڈیسک August 24, 2026
غذائی ماہرین بھنڈی کو ایک ’ہیرو‘ سبزی مانتے ہیں۔ فوٹو: فائل

بھنڈی کو اکثر روایتی سبزی سمجھ کر نظرانداز کردیا جاتا ہے، حالانکہ یہ غذائیت سے بھرپور سبزی صحت کے لیے متعدد فوائد رکھتی ہے۔

جدید طرزِ زندگی میں روایتی کھانوں اور سبزیوں کا استعمال کم ہونے کے باعث فاسٹ فوڈ اور دیگر غیر متوازن غذائیں ہماری خوراک کا حصہ بنتی جارہی ہیں، جس سے مختلف صحت کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔

جوڑوں کا درد

ماہرین کے مطابق بھنڈی کیلوریز میں کم، فائبر میں زیادہ اور کئی ضروری غذائی اجزا سے بھرپور ہوتی ہے۔ اس میں موجود قدرتی لیس نہ صرف اسے منفرد بناتی ہے بلکہ ہڈیوں کو مضبوط رکھنے اور جوڑوں کی تکلیف میں بھی مددگار سمجھی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے متوازن غذا کا حصہ بنانا مجموعی صحت کے لیے مفید ہوسکتا ہے۔

ذیابیطس میں مفید

ذیابیطس میں مبتلا افراد کے لیے بھی بھنڈی ایک مفید سبزی قرار دی جاتی ہے۔ اس میں موجود فائبر کاربوہائیڈریٹس کے ہاضمے کے عمل کو سست کرنے میں مدد دیتا ہے، جس کے نتیجے میں خون میں شوگر کی سطح کو قابو میں رکھنے میں معاونت مل سکتی ہے۔ غذا میں بھنڈی کو شامل کرنا بلڈ شوگر کے بہتر نظم و ضبط میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، تاہم یہ ذیابیطس کی دوا یا علاج کا متبادل نہیں۔

وزن متوازن رکھنے میں مددگار

وزن کو متوازن رکھنے کے خواہش مند افراد بھی بھنڈی کو اپنی خوراک کا حصہ بنا سکتے ہیں۔ کم کیلوریز اور زیادہ فائبر کی وجہ سے یہ زیادہ دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس دیتی ہے، جس سے غیر ضروری طور پر زیادہ کھانے سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

نظامِ ہاظمہ اور آنتوں کی صحت

بھنڈی میں موجود فائبر نظامِ ہاضمہ اور آنتوں کی صحت کے لیے بھی اہم سمجھا جاتا ہے۔ اس کے غذائی اجزا آنتوں کے معمول کے افعال کو بہتر رکھنے میں معاونت کرتے ہیں، جبکہ فائبر کی وافر مقدار نظامِ ہاضمہ کو صحت مند رکھنے میں کردار ادا کرتی ہے۔

دل کی حفاظت

دل کی صحت کے حوالے سے بھی بھنڈی کو اہم غذاؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس میں پایا جانے والا پیکٹین نامی فائبر آنتوں میں کولیسٹرول کے جذب کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے، جس سے صحت مند کولیسٹرول کی سطح برقرار رکھنے اور دل کی بیماریوں کے خطرات کم کرنے میں معاونت مل سکتی ہے۔

آنکھوں کی صحت

بھنڈی آنکھوں کی صحت کے لیے بھی مفید غذائی اجزا فراہم کرتی ہے۔ اس میں وٹامن اے کے ساتھ لیوٹین اور زیکسانتھن جیسے اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں، جو صحت مند بینائی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ اجزا عمر کے ساتھ آنکھوں کو لاحق ہونے والی بعض خرابیوں، جن میں میکیولر انحطاط اور موتیا بھی شامل ہیں، سے تحفظ فراہم کرنے میں مددگار ہوسکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق بھنڈی کو باقاعدگی سے متوازن غذا میں شامل کرنا مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند ہوسکتا ہے، تاہم کسی مخصوص بیماری کے علاج یا اس کے خطرے کو کم کرنے کے لیے صرف ایک غذا پر انحصار کرنے کے بجائے متوازن خوراک، مناسب جسمانی سرگرمی اور ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کرنا زیادہ اہم ہے۔