بچوں کی پرائیویسی محفوظ نہیں؛ ٹک ٹاک 40 کروڑ ڈالر کے تصفیے پر تیار

ٹک ٹاک فوری طور پر 30 کروڑ ڈالر جب کہ سابقہ کمپنی ’میوزکلی‘ سے متعلق فیصلہ آنے پر مزید 10 کروڑ ادا کرے گی


ویب ڈیسک August 23, 2026
ٹک ٹاک پہلے 30 پھر ایک اور مقدمہ ختم ہونے پر مزید 10 کروڑ ڈالر ادا کرے گی

ٹک ٹاک اور اس کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس نے امریکا میں بچوں کی آن لائن رازداری سے متعلق مقدمہ ختم کرنے کے لیے امریکی محکمۂ انصاف کے ساتھ 40 کروڑ ڈالر کا قانونی تصفیہ کرلیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمۂ انصاف نے اگست 2024 میں ٹک ٹاک، بائٹ ڈانس اور اس سے منسلک اداروں کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ٹک ٹاک نے 13 سال سے کم عمر بچوں کی ذاتی معلومات والدین کی اجازت کے بغیر نہ صرف جمع کیں بلکہ اس کا استعمال بھی کیا۔

امریکی محکمہ انصاف نے یہ مؤقف بھی اختیار کیا تھا کہ ٹک ٹاک نے کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس سے متعلق قانونی تقاضے پورے کرنے میں ناکامی کا مظاہرہ کیا۔

خیال رہے کہ امریکی قانون چلڈرنز آن لائن پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ کے تحت بچوں سے متعلق ذاتی معلومات جمع کرنے کے لیے والدین کو اطلاع دینا اور ان کی رضامندی حاصل کرنا ضروری ہے۔

جس پر ٹک ٹاک تصفیے کے راضی ہوگیا اور اب اُسے 30 کروڑ ڈالر فوری طور پر ادا کرنا ہوں گے جبکہ مزید 10 کروڑ ڈالر کی رقم اس وقت ادا کیے جائیں گے جب عدالت ٹک ٹاک کی سابقہ کمپنی میوزکلی سے متعلق ایک پرانے رضامندی کے عدالتی حکم کو ختم کرنے کا حکم دے گی۔ 

واضح رہے کہ یہ معاملہ 2019 کے ایک مقدمے سے بھی جڑا ہے اس وقت ٹک ٹاک کے پیشرو پلیٹ فارم میوزکلی کے خلاف بچوں کی رازداری کے قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوئی تھی اور کمپنی پر 57 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔