جڑواں بھائیوں کی جڑواں بہنوں سے شادی، رسومات جڑواں پادریوں نے ادا کیں

تقریب میں پادریوں کے معاونین بھی جڑواں بھائی تھے


ویب ڈیسک August 23, 2026

بھارت کی ریاست کیرالہ میں ایک منفرد کیتھولک شادی کی تقریب نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی، جہاں جڑواں بھائیوں نے جڑواں بہنوں سے شادی کی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ شادی کی مذہبی رسومات بھی جڑواں پادریوں نے ادا کیں۔

چنگنّاسری کے تاریخی سینٹ میری سائیرو مالابار میٹروپولیٹن کیتھیڈرل میں اکھیل کے تھامس اور نکھل کے تھامس نے جڑواں بہنوں میگی میری تھامس اور ماریا میری تھامس سے شادی کی۔ تقریب میں خاندان کے افراد اور دوستوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

شادی کی خاص بات صرف دولہا اور دلہن ہی نہیں تھے بلکہ شادی کی دعائیہ تقریب بھی جڑواں پادریوں فادر اینٹو پیزھم کٹّل اور فادر اجو پیزھم کٹّل نے ادا کی۔ دونوں کا تعلق ڈائوسس آف کانجیرپلی سے ہے۔

اس کے علاوہ پادریوں کے معاونین بھی جڑواں بھائی جیرون جیمز اور جوہون جیمز تھے۔ یوں پوری تقریب میں جڑواں افراد کے کئی جوڑے ایک ساتھ موجود تھے، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق میگی اور ماریا بچپن ہی سے ایسی شادی کا خواب دیکھتی تھیں جس میں ان کے خاص دن پر جڑواں افراد ان کے اردگرد موجود ہوں۔ شادی کی تیاریاں شروع ہونے کے بعد دونوں بہنوں اور ان کے اہل خانہ نے خاص طور پر جڑواں پادریوں کی تلاش بھی شروع کی تاکہ ان کی خواہش مکمل ہوسکے۔

کیرالہ میں جڑواں افراد پر مشتمل یہ پہلی منفرد شادی نہیں۔ 2015 میں تھریسور ضلع کے سینٹ فرانسس زیویئر چرچ میں بھی جڑواں بھائیوں دلراج اور دلکر نے جڑواں بہنوں ریما اور رینا سے شادی کی تھی۔