جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے شدید بارش، نالہ لئی میں پانی خطرناک سطح تک بلند، الرٹ جاری

نالہ لئی میں پانی کی سطح 16 فٹ تک پہنچ گئی ہے جہاں الرٹ جاری کردیا گیا


ویب ڈیسک August 22, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

شہر اقتدار اور جڑواں شہر راولپنڈی میں شدید طوفان اور وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہوگئی ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 16 فٹ تک پہنچ گئی ہے جہاں الرٹ جاری کردیا گیا۔

جبکہ گوالمنڈی میں پانی کی سطح 10 فٹ تک پہنچنے پر پری الرٹ کی صورتحال ہے۔ کٹاریاں میں انخلا کی سطح سے پانی تقریباً چار فٹ نیچے ہے۔

جڑواں شہروں میں بارش کا موجودہ سلسلہ رات ساڑھے 12 بجے کے قریب شروع ہوا۔ اسلام آباد کے سیدپور میں سب سے زیادہ 57 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ایچ ایٹ اور شمس آباد میں 51، کٹاریاں 49 اور گولڑہ، ای الیون میں 48 ملی میٹر بارش ہوئی۔

راولپنڈی میں بوکرا میں 40، پیرودھائی 39، گوالمنڈی 31 اور کچہری کے قریب 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ بارش کا مجموعی اوسط 44.8 ملی میٹر رہا۔ پی ایم ڈی کے مطابق 66 ملی میٹر بارش بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔

بارش اور نالہ لئی میں پانی کی سطح میں اضافے کے پیش نظر ریسکیو 1122 راولپنڈی نے حساس مقامات پر واٹر ریسکیو ٹیمیں، ایمبولینسز، فائر وہیکلز، کشتیاں اور ضروری ریسکیو آلات تعینات کردیئے ہیں۔ کنٹرول روم پانی کی سطح اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

حساس علاقوں میں کٹاریاں، گوالمنڈی، شارون کالونی، ضیاء کالونی، ڈھوک رتہ، جاوید کالونی، ڈھوک نجو، بنگش کالونی، ڈھوک مٹکیال، ڈھوک الٰہی، ڈھوک دلال، بکرا منڈی، آخری اسٹاپ، بنارس کالونی، رینج روڈ، ڈھوک حسو، صادق آباد اور بورنگ روڈ شامل ہیں۔

ریسکیو 1122 نے شہریوں کو ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز، بچوں کو نالوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رکھنے، خستہ حال چھتوں کے نیچے جانے سے اجتناب اور بارش کے دوران گاڑی کی رفتار کم رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ شہری گھروں کی چھتوں پر پانی کے نکاس کے راستے بھی صاف رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 1122 پر اطلاع دی جائے۔