راولپنڈی کے شہریوں کیلئے اچھی خبر، پانی کی فراہمی کا بڑا منصوبہ منظور

منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 36 ارب روپے لگایا گیا ہے، کمشنر راولپنڈی


ویب ڈیسک August 23, 2026

راولپنڈی:

پنجاب حکومت نے راولپنڈی کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے کی منظوری دے دی۔

دادوچہ ڈیم پر سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹر سپلائی سسٹم تعمیر کیا جائے گا جس کی تکمیل سے راولپنڈی شہر و کینٹ کو 35 ملین گیلن یومیہ اضافی پانی دستیاب ہوگا، منصوبے پر 36 ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو دسمبر 2029 تک مکمل ہوگا۔

کمشنر راولپنڈی کے مطابق دادوچہ ڈیم سے یومیہ 35 ملین گیلن صاف پانی سپلائی لائن میں شامل کیا جائے گا، جس سے شہریوں کو پینے کا صاف اور محفوظ پانی میسر آئے گا، ڈیم کی تکمیل کے بعد واسا ایجنسی ٹرانسمیشن لائن اور واٹر سپلائی نیٹ ورک پر کام کرے گا۔

واضح رہے کہ دادوچہ ڈیم کے تعمیراتی کام کی پراگراسس 92 فیصد تک پہنچ چکی ہے جس پر پنجاب اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت کام جاری ہے تاہم ڈیم سے راولپنڈی تک 28 کلو میٹر طویل ٹرانسمیشن لائن بچھانے واٹر فلٹریشن پلانٹ اور شہر و کینٹ کے درمیان پانی کی تقسیم کے لیے ڈسٹریبیوشن نیٹ ورک کو دسمبر 2029  تک مکمل کرلیا جائے گا۔

راولپنڈی شہر کے ذمہ 18 ارب کے اخراجات پنجاب حکومت ادا کرے گی جبکہ کینٹ ایریا کے ذمہ 18 ارب کے اخراجات وفاقی یا پنجاب حکومت نے برادشت کرنا ہیں اس کا تعین پنجاب کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا۔