کوئٹہ:
قوم پرستی کی آڑ میں دہشت گردی کیلئے نوجوانوں کی ذہن سازی اور پرتشدد بیانیہ کی مذموم سازش کا پردہ چاک ہوگیا۔
کالعدم تنظیم بی ایس او مخصوص پروپیگنڈا پر مبنی لٹریچر کے ذریعے بلوچستان کی تاریخ مسخ کرنے اور منفی بیانیہ کے فروغ میں مصروف ہے۔
کالعدم تنظیم بھارتی ایماء پر بلوچ نوجوانوں میں نام نہاد لٹریچر کے پس پردہ ریاست مخالف بیانیہ اور اشتعال انگیزی کی ترغیب دے رہی ہے، نوجوانوں کو گمراہ کرنے کیلئے بلوچستان کی حقیقی تاریخ اوراصل حقائق کو مسخ کر کے من گھڑت منفی مواد تیار کیا جا رہا ہے۔
ماضی میں کالعدم بی ایس او سے منسلک بشیر زیب، اللہ نذر جیسے کارندے آج فتنہ الہندوستان کے اہم دہشت گرد سرغنہ ہیں۔ بیرونی آقاؤں کی سرپرستی میں بی وائے سی کے بھی تخریبی اور گمراہ کن پروپیگنڈا کو بلوچستان کے باشعورعوام یکسر مسترد کرچکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس سے پہلے بھی قوم پرستی کے نام پر بلوچ نوجوانوں کو ریاست سے بدظن کرنے اور گمراہ کن بیانیہ پھیلانے کی مذموم کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، ملک دشمن عناصر مسخ شدہ حقائق اورمن گھڑت تاریخ سے غیور بلوچ نوجوانوں کو گمراہ نہیں کر سکیں گے۔