لندن: یوکرین جنگ میں برطانیہ کی حمایت کے معاملے پر روس اور برطانیہ کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی، روس نے لندن میں اپنے سفیر آندرے کیلِن کا سفارتی مشن ختم کردیا ہے۔
روسی سفارتخانے نے تصدیق کی ہے کہ آندرے کیلِن اب برطانیہ میں سفیر کے عہدے پر موجود نہیں ہیں۔ وہ 21 جولائی کو اپنا عہدہ چھوڑ چکے ہیں، تاہم ماسکو نے تاحال ان کا متبادل نامزد نہیں کیا۔
روسی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ روس اور برطانیہ کے تعلقات تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں اور اس کی ذمہ داری لندن پر عائد ہوتی ہے۔ تاہم ماسکو نے واضح کیا کہ سفیر کی واپسی کا مطلب دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات ختم کرنا نہیں ہے۔
برطانوی دفتر خارجہ نے روسی سفیر کی واپسی کو روسی وزارت خارجہ کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ ماسکو میں اپنے سفیر اور سفارتخانے کے ذریعے روسی حکومت سے رابطے جاری رکھے گا۔
برطانیہ روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کا اہم اتحادی ہے اور اب تک اربوں پاؤنڈ کی امداد فراہم کرچکا ہے، جس میں بڑی مقدار میں فوجی امداد بھی شامل ہے۔
دوسری جانب روس نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ یوکرین کی حمایت اور روس کے اندر حملوں میں برطانوی ساختہ ڈرونز کے مبینہ استعمال کی صورت میں لندن کو اس کی قیمت چکانا پڑ سکتی ہے۔
روس اور برطانیہ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران یوکرین نے روس کے اندر طویل فاصلے تک حملوں میں اضافہ کیا ہے، جبکہ روس نے بھی یوکرین، خصوصاً دارالحکومت کیف، پر میزائل اور ڈرون حملے تیز کردیے ہیں۔