اسپین میں جنگلات میں لگنے والی شدید آگ کے باعث ایک ہزار سال پرانی تاریخی خانقاہ کو بچانے کے لیے ہنگامی کارروائی کی گئی جس کے دوران وہاں مدفون قرونِ وسطیٰ کے بادشاہوں کی ہڈیاں اور کھوپڑیاں بھی محفوظ مقام پر منتقل کر دی گئیں۔
شمال مشرقی اسپین کے اراگون خطے میں لگنے والی آگ تاریخی سان خوان دے لا پینا کی خانقاہوں کے انتہائی قریب پہنچ گئی تھی جس کے بعد فوج کے ایمرجنسی یونٹ نے قیمتی تاریخی اشیا کو نکالنے کا فیصلہ کیا۔
قدیم خانقاہ کی تاریخ دسویں صدی سے ملتی ہے اور یہاں قرونِ وسطیٰ کی سلطنت اراگون کے ابتدائی بادشاہوں کی باقیات محفوظ تھیں۔
جاری ہونے والی ویڈیو میں اہلکاروں کو شفاف ڈبوں میں موجود انسانی کھوپڑیاں اور ہڈیاں اٹھا کر باہر لے جاتے دیکھا گیا جبکہ تاریخی فن پاروں اور دیگر قیمتی اشیا کو بھی محفوظ کیا گیا۔
حکام کے مطابق آگ کے باعث خطے میں 10 ہزار ہیکٹر سے زائد رقبہ متاثر ہوا جبکہ تقریباً 850 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔
آگ بجھانے کے لیے تقریباً 500 اہلکار سرگرم رہے جبکہ تاریخی خانقاہوں کو شعلوں سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے۔