ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں

ابتدائی ٹیسٹنگ میں شامل افراد نے فون سے متعلق مثبت رائے دی ہے


ویب ڈیسک August 24, 2026

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل رواں سال ستمبر میں اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جسے بعض رپورٹس میں آئی فون الٹرا قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ڈیوائس ایپل کے لیے کئی برس بعد آئی فون کے ڈیزائن میں ایک بڑی تبدیلی ثابت ہوگی۔

بلومبرگ کے معتبر ٹیکنالوجی صحافی مارک گورمین کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی ٹیسٹنگ میں شامل افراد نے فون سے متعلق مثبت رائے دی ہے۔ ان کے مطابق فون بند ہونے کی صورت میں جیب میں آسانی سے فٹ ہوجاتا ہے جبکہ اسے فولڈ کرنے والا ہِنج بھی مضبوط اور پائیدار ثابت ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایپل نے فولڈ ایبل آئی فون کے بڑے اندرونی ڈسپلے کے لیے سافٹ ویئر میں بھی خصوصی تبدیلیاں کی ہیں۔ کمپنی نے بڑی اسکرین پر ایپس اور آپریٹنگ سسٹم کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے آئی پیڈ سے ملتے جلتے ڈیزائن عناصر استعمال کیے ہیں۔

تاہم، فولڈ ایبل فونز کا ایک اہم مسئلہ اب بھی اس نئے آئی فون کے لیے چیلنج بن سکتا ہے۔ فولڈنگ اسکرین کے درمیان بننے والی شکن یا کریز اس ٹیکنالوجی کی بڑی خامیوں میں شمار ہوتی ہے اور یہی وہ پہلو ہے جس پر صارفین ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون میں خاص توجہ دیں گے۔

اگر رپورٹس درست ثابت ہوتی ہیں تو ایپل کا یہ نیا فون کمپنی کو فولڈ ایبل اسمارٹ فون مارکیٹ میں سام سنگ سمیت دیگر حریفوں کے مقابلے میں براہِ راست لے آئے گا۔