جرمنی: 65 ویں فنگر ریسلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد، 150 افراد کی شرکت

اس سال کے مقابلے میں سینئر کیٹیگری کا ٹائٹل فریڈینانڈ زائٹز نے جیتا


ویب ڈیسک August 25, 2026

جرمنی کے صوبے باویریا میں 65 ویں جرمن فنگر ریسلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد ہوا، جس میں تقریباً 150 کھلاڑیوں نے اپنی انگلیوں کی طاقت آزمائی۔

پفلگ ڈورف-اشٹادل میں ہونے والے اس منفرد مقابلے میں دو کھلاڑی ایک میز کے آمنے سامنے بیٹھتے ہیں اور اپنی درمیانی انگلیوں کو چمڑے کے ایک حلقے میں پھنسا لیتے ہیں۔ اس کے بعد دونوں ایک دوسرے کو اپنی جانب کھینچنے کی کوشش کرتے ہیں۔

مقابلہ عموماً چند سیکنڈ جاری رہتا ہے، تاہم بعض مقابلے تقریباً ایک منٹ تک بھی چلتے ہیں۔

انگلیوں کی کشتی کا آغاز الپائن خطے سے ہوا تھا اور یہ کھیل آج بھی باویریا میں خاصا مقبول ہے۔

اس سال کے مقابلے میں سینئر کیٹیگری کا ٹائٹل فریڈینانڈ زائٹز نے جیت لیا۔ انہوں نے یورو نیوز کو بتایا کہ مقابلے کے دوران ہونے والا درد انتہائی شدید اور ناقابلِ برداشت ہوتا ہے۔