اسلام آباد:
ہائی کورٹ کے جج جسٹس خادم حسین سومرو نے وکلا کے رویے اور غیر سنجیدگی پر سپریم کورٹ بار کے صدر سے شکوہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ صدر سپریم کورٹ بار ہارون الرشید ایک کیس کے سلسلے میں عدالت کے سامنے پیش ہوئے تھے، جہاں جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا کہ اسلام آباد کے وکلا کا رویہ دیکھ کر بہت تکلیف ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کے وکیل ہماری زیادہ معاونت نہیں کرتے۔ یہاں پر لوگ کسی عجیب طریقے سے بات کرتے ہیں، جس پر افسوس ہوتا ہے۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا کہ میرا تعلق ایک گاؤں سے ہے، وہاں پر بھی ایسا رویہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں سیکھنے آیا تھا، لیکن یہاں کچھ نہیں سیکھا۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے سپریم کورٹ بار کے صدر ہارون الرشید سے کہا کہ پلیز آپ بار کونسل اور بار ایسوسی ایشن میں جاکر وکلا کو سمجھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایک وفاقی دارالحکومت ہے، مہربانی کریں۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے صدر سپریم کورٹ بار سے کہا کہ آپ سب سے بڑی بار کے صدر ہیں، آپ وکلاء کو سمجھائیں۔