کراچی: سہراب گوٹھ میں کار پر فائرنگ سے نجی نیوز ویب سائٹ کا پروڈیوسر جاں بحق

مقتول کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی، واقعہ ٹارگٹ معلوم ہوتا ہے، پولیس


اسٹاف رپورٹر August 25, 2026

کراچی:

سہراب گوٹھ کے علاقے میں فائرنگ سے نجی نیوز ویب سائٹ کا پروڈیوسر جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ ایوب گوٹھ سادات دسترخوان کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار شخص گردن پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمی کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج جانبر نہ ہو سکا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت اس کے پاس سے ملنے والے کارڈ کے ذریعے عمران گوگن کے نام سے کی گئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول کا تعلق ایک نجی نیوز ویب سائٹ سے بتایا جا رہا ہے۔

تحقیقات کے مطابق متاثرہ شخص سہراب گوٹھ سے ایوب گوٹھ کے راستے نیو کراچی کی جانب جا رہا تھا کہ اسے نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول بہادر آباد کا رہائشی اور سائٹ ایریا میں کیمیکل کی فیکٹری میں کپڑوں پر رنگ کرنے کا کام کرتا تھا، مقتول نے دو شادیاں بھی کی ہوئی تھیں۔

پولیس کے مطابق صارم برنی نے کوئی نیا شیلٹر ہوم کھولا ہے جس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی مقتول کی تھی اور امکان ہے مقتول وہیں جا رہا تھا۔