سندھ ہائیکورٹ: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کا نوٹیفکیشن موصول

محکمہ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کمیشن کے ٹی او آرز شامل ہیں


ویب ڈیسک August 25, 2026

میر رضا علی قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا معاملہ، کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال کو جوڈیشل کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن موصول ہوگیا۔

محکمہ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کمیشن کے ٹی او آرز شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیشن میر رضا علی کی موت کے اصل حقائق اور واقعے کے تمام حالات کا جائزہ لے گا، جبکہ تحقیقات کی غیر جانب داری اور قانون کے مطابق ہونے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

کمیشن میر رضا علی کیس میں مزید تحقیقات یا شواہد کی ضرورت کا تعین کرے گا۔ پولیس، ایم ایل او یا کسی سرکاری اہلکار کی غفلت یا فرائض میں کوتاہی کی بھی تحقیقات ہوگی، جبکہ شواہد چھپانے یا ان میں ردوبدل کی صورت میں ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیشن مزید تحقیقات، فرانزک تجزیے اور قانونی یا محکمانہ کارروائی کی سفارشات دے گا۔ کمیشن کو گواہوں کو طلب کرنے اور دستاویزات پیش کرنے کا حکم دینے کے اختیارات حاصل ہوں گے، جبکہ تمام متعلقہ ادارے اور افسران کمیشن سے مکمل تعاون کے پابند ہوں گے۔

کمیشن تشکیل کی تاریخ سے 30 روز میں اپنی رپورٹ حکومت سندھ کو پیش کرے گا، تاہم حکومت ضرورت کے مطابق کمیشن کی رپورٹ پیش کرنے کی مدت میں توسیع کرسکتی ہے۔