شاہنواز زیدی نے 10 سال بعد پہلی اہلیہ کی یاد اور دوسری شادی کی ان کہی کہانی سنا دی

پہلی شادی محبت کی تھی اور زندگی میں کبھی دوسری شادی کا خیال تک نہیں آیا تھا، سینیئر اداکار


ویب ڈیسک August 25, 2026
پہلی شادی محبت کی تھی اور دوسری کا خیال تک نہیں آیا تھا

شاہ نواز زیدی جو ایک شاعر، مصور اور پروفیسر بھی ہیں، پی ٹی وہ ڈراموں میں اپنی نیچرل اداکاری کے لیے خاصی شہرت رکھتے ہیں۔

شاہ نواز زیدی نے ایک مارننگ شو میں اپنی ازدواجی زندگی پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی پہلی شادی محبت کی شادی تھی اور اس وقت ان کی عمر صرف 24 برس تھی۔

انھوں نے بتایا کہ میرا مزاج شروع ہی سے شاعرانہ تھا اور وہ اپنی اہلیہ کو پہلی نظر میں پسند کر بیٹھے تھے اسی لیے شادی میں زیادہ تاخیر نہیں کی۔

اداکار شاہ نواز نے مزید بتایا کہ دونوں خاندانوں کے درمیان مسلک، زبان اور خاندانی پس منظر کے باعث والدین پہلے تذبذب کا شکار تھے۔ تاہم بالآخر دونوں خاندانوں نے ان کے فیصلے کو قبول کرلیا۔

اہلیہ کی بیماری کا علم شادی سے پہلے ہوا

شاہنواز زیدی نے بتایا کہ شادی سے قبل ان کی ہونے والی اہلیہ نے انہیں فون کرکے روتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ ذیابیطس کی مریضہ ہیں اور پیچیدگیوں کی شکار ہیں اس لیے شادی کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔ 

اداکار شاہ نواز زیدی نے بتایا کہ میں نے رشتہ ختم کرنے کے بجائے شادی کا فیصلہ کیا اور بعد میں دونوں نے مل کر ایک خاندان تشکیل دیا، ملازمت کے لیے اہلیہ کے ساتھ نیروبی گیا اور ہمارے چھ بچے بھی ہوئے۔

انھوں نے انکشاف کیا کہ ذیابیطس کی پیچیدگیوں کے باعث ان کی اہلیہ داغ مفارقت دے گئیں اور وہ تنہا رہ گئے۔ میں نے کبھی دوسری شادی کا تصور تک نہیں کیا تھا تاہم اہلیہ کے انتقال کے چار سال بعد دنیا اور روزمرہ زندگی سے کٹا ہوا محسوس کرنے لگے تھا۔

اداکارہ شاہ نواز زیدی نے مزید بتایا کہ میں اپنے سارے کام اور دوسری ذمہ داریاں پوری کررہا تھا لیکن اندر سے ٹوٹا ہوا اور ذہنی انتشار کا شکار تھا۔ خود کو بکھرتا ہوا محسوس کیا اور ڈپریشن کا بھی مقابہ بھی کیا۔

دوسری شادی کا فیصلہ کیسے ہوا؟

شاہ نواز زیدی نے بتایا کہ دوسری شادی کا خیال ابتدا میں محض ایک امکان کے طور پر ذہن میں آیا اور اس وقت ان کی زندگی میں کوئی دوسرا شخص موجود نہیں تھا۔

ان کے بقول بعد ازاں ملاقات ایک ایسی خاتون سے ہوئی جو مجھ سے خاصی کم عمر اور ایرانی نژاد ہیں۔ پہلے دوستی ہوئی پھر وقت کے ساتھ ساتھ محبت پیدا ہوگئی اور بالآخر شادی کرلی۔

اداکاری نے برایا کہ میری دوسری شادی کو اب 10 سال ہوچکے ہیں اور الحمد اللہ ہم دونوں کے درمیان محبت، احترام اور ساتھ نبھانے کا رشتہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے۔