فیصل آباد، راولپنڈی میں جلسہ عام ہوگا، دھرنے، احتجاجی کیمپ جاری رہیں گے، حافظ نعیم الرحمان

حکومت کوجتنی تکلیف ہوگی دھرنا اتنا مضبوط ہوگا، ہم غریب، مڈل کلاس عوام کی بات کرتے ہیں جو پریشان ہیں، امیر جماعت اسلامی


ویب ڈیسک August 25, 2026
فوٹو: اسکرین گریب

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ فیصل آباد میں 28 اگست اور راولپنڈی میں 30 اگست کو جلسہ عام ہوگا، اس کے علاوہ دھرنے، جلسے اور احتجاجی کیمپ جاری رہیں گے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور اور کراچی میں دھرنے ہو رہے ہیں، کوئٹہ میں بھی شروع ہوں گے، ہمارے دھرنے قوم کی امیدوں کا مرکز بن چکے ہیں لہٰذا وزرا کی جانب سے ردعمل آنے کا مطلب ہے دھرنا اثر کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو جتنی تکلیف ہو گی دھرنا اتنا مضبوط ہوگا، ہم پاکستان کے غریب، مڈل کلاس عوام کی بات کرتے ہیں جو پریشان ہیں، حکومت کی جانب سے عوام پر پٹرول بم گرائے جا رہے ہیں، یہ کہتے ہیں عالمی مارکیٹ میں قیمت بڑھ رہی ہے اور گزشتہ روز پیٹرول کی عالمی قیمت میں 2 ڈالر فی بیرل کمی ہوئی، عالمی مارکیٹ میں کمی کے باوجود پیٹرول 50 پیسے مہنگا کیوں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل سمجھو، یہ جنگ سڑکوں پر شروع ہوئی تو مقابلہ نہیں کرسکو گے، اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے بننے والی پی ڈی ایم کی حکومت کھوکھلی ہوچکی ہے، آؤ ہمارے ساتھ بات کرو اور لیوی کو ختم کرو۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمران طبقہ کہتا ہے عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے باعث لیوی ختم نہیں کر سکتے، عوام کی سڑکوں پر جنگ شروع ہوئی تو آئی ایم ایف کو کہو گے حالات قابو میں نہیں، سیدھی طرح لیوی ختم کرو، ذلت سے کیوں کرنا چاہتے ہو، انہوں نے عالمی جنگ کا بہانہ بنا کر پیٹرول کی قیمتیں بڑھائیں، مریم نواز نے جنگی حالات میں ہی 11 ارب کا جہاز خریدا اور عوام کو ریلیف دو، عوام کے موڈ کو سمجھو۔

ان کا کہنا تھا کہ حسینہ واجد تو بھاگ گئی، آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے، دو سال پہلے تم کہتے تھے آئی پی پیز سے بات نہیں ہو سکتی، ہم نے دھرنے دیے تو تم نے آئی پی پیز سے مذاکرات کیے، ہمارے دھرنوں سے عوام کو بجلی 10 سے 16 روپے یونٹ سستی مل رہی ہے، عام صنعت کار کے لیے گیس کی قیمت الگ خاص کے لیے الگ ہے، ملک میں یہ دہرا معیار زیادہ دیر نہیں چل سکتا، ہمیں معیاری تعلیم چاہیے، جہاں تمہارے بچے پڑھتے ہیں ہمارے بھی وہاں ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم فراہم کرے، حکومت پنجاب نے 11 ہزار اسکول بیچ دیے اور مزید 25 ہزار بیچنا چاہتی ہے، اور تعلیم کے نظام کو برباد کر دیا ہے لہٰذا قوم کو تعلیم اور صحت کی سہولیات دو، حالات کو سمجھو اور آوازیں دبانا بند کر دو اور عوام کو ریلیف دو۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی نظریاتی تحریک ہے، بڑی جدوجہد کے لیے تیار رہیں، پاکستان ملک کے 25 کروڑ عوام کا نام ہے، ہمیں اس پاکستان سے کوئی مایوس نہیں کرسکتا ہے، پاکستان ہمارا ہے، یہاں عدل و انصاف کا نظام ہونا چاہیے، پاکستان میں نظام مصطفیٰ نافذ کرنا پڑے گا، دین ہمیں ظالموں کے خلاف اٹھنے کا حکم دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلامی نظام میں بندوق کی نوک پر حکمرانی کرنے والوں کو بے دخل کرنا ہے، زراعت کے شعبے کو بھی انہوں نے تباہ کر دیا، گندم کی قیمت کسان کو پوری ملتی نہیں، درمیان میں مافیاز ہیں، مریم نواز نے 11 کمپنیاں بنا لیں،کسان پریشان ہیں، اس مافیا کا فرانزک آڈٹ ہو جائے تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، چینی مافیا بھی حکومت کے ساتھ ملی ہوئی ہے، انہوں نے 6 لاکھ 65 ہزار ٹن چینی امپورٹ کر لی اور مہنگی نہیں ہو گی، اب چینی ایکسپورٹ کرنا چاہتے ہیں، چینی مہنگی ہوگئی۔

نعیم الرحمان نے کہا کہ چھوٹا سا مافیا ہے جو ہر حکومت میں فائدے اٹھاتا ہے، اسی طبقے کو طاقت ور حلقوں کی حمایت حاصل ہے، اقتدار کا میوزیکل چیئر اب ختم کرنا پڑے گا، حالات کو سمجھو، آوازیں دبانا بند کر دو، عوام کو ریلیف دو، پنجاب کے مختلف اضلاع سے لوگ دھرنے میں آ رہے ہیں، مریم نواز جنوبی پنجاب کو کچھ نہیں دینا چاہتی، جنوبی پنجاب میں بھی کیمپ لگیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ فیصل آباد میں 28 اگست اور راولپنڈی میں 30 اگست کو بڑا جلسہ عام ہوگا، ہمارے دھرنے، جلسے اور احتجاجی کیمپ جاری رہیں گے۔