جشن عید میلاد النبی ﷺ، وزیر داخلہ کا سندھ بھر میں فول پروف سیکیورٹی کا حکم

سیرتِ طیبہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں بہترین رہنمائی کا سرچشمہ ہے، ضیاء الحسن لنجار


ویب ڈیسک August 25, 2026

کراچی:

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے بارہ ربیع الاول، عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر قوم اور اہلِ سندھ کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت، امن اور محبت کا پیغام ہے۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں بہترین رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ نبی کریم ﷺ نے انسانیت کو اخوت، مساوات، عدل، برداشت، رواداری اور حقوق العباد کا درس دیا۔

وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ بارہ ربیع الاول ہمیں سیرتِ رسول ﷺ کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانے کا درس دیتا ہے، جبکہ معاشرے میں محبت، بھائی چارے، برداشت اور امن کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے پولیس افسران و اہلکاروں کو جلوسوں، اجتماعات اور محافل کی سیکیورٹی کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس، داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں، جبکہ سیکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنایا جائے۔

وزیر داخلہ سندھ نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور سیکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کریں۔ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس نفری اور ریزرو فورس کو مکمل طور پر تیار رکھا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور جلوسوں کے شرکاء کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ امن، نظم و ضبط اور سیکیورٹی ہدایات کی مکمل پابندی کریں، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل ہی پُرامن، متحد اور مستحکم معاشرے کی بنیاد ہے۔

آخر میں وزیر داخلہ سندھ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام، خوشحالی اور سلامتی عطا فرمائے۔