موسیقی کی دُنیا پر سوگ طاری، لیجنڈری گلوکارہ چل بسیں

گلوکارہ نے موسیقی کے ساتھ ساتھ فلمی دنیا میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے


ویب ڈیسک August 26, 2026

کنٹری میوزک کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ڈولی پارٹن 80 برس کی عمر میں چل بسیں ان کی موت کی خبر نے دنیا بھر میں مداحوں کو غمزدہ کردیا۔

ڈولی پارٹن کی ٹیم نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی میراث محبت، ہمدردی اور ثابت قدمی پر مبنی ہے۔

چھ دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر کے دوران ڈولی پارٹن نے دنیا بھر میں 10 کروڑ سے زائد ریکارڈز فروخت کیے اور 3 ہزار سے زیادہ گیت تحریر کیے۔

ڈولی پارٹن کی دنیا سے رخصتی پر موسیقی اور شوبز کی دنیا کی متعدد نامور شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔

سر پال میک کارٹنی نے کہا کہ ڈولی کے بغیر دنیا کا تصور کرنا مشکل ہے جبکہ اوپرا ونفری کا کہنا تھا کہ ڈولی کی موجودگی نے ہم سب کو بہتر بنایا۔

سر ایلٹن جان نے ڈولی پارٹن کو منفرد اور ناقابلِ تلافی قرار دیا۔

ڈولی پارٹن نے انتہائی غربت سے اپنی زندگی کا سفر شروع کیا۔ وہ امریکی ریاست ٹینیسی کے اسموکی ماؤنٹینز میں ایک کمرے کے چھوٹے سے گھر میں 12 بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر پیدا ہوئیں اور بعد ازاں اپنی محنت، غیر معمولی آواز اور منفرد انداز کے باعث عالمی شہرت حاصل کی۔

انہوں نے موسیقی کے ساتھ ساتھ فلمی دنیا میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے جبکہ گلاسٹنبری فیسٹیول سمیت بڑے عالمی اسٹیجز پر پرفارم کرکے ہر عمر کے شائقین کے دل جیتے۔

ڈولی پارٹن کا شمار کنٹری میوزک کی ان شخصیات میں ہوتا تھا جنہوں نے اپنی منفرد شخصیت، بے باک انداز اور لازوال موسیقی کے ذریعے چھ دہائیوں تک عالمی سطح پر اپنی پہچان برقرار رکھی۔