لاہور:
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ میلادِ مصطفیٰ ﷺ صرف جلسے، جلوس اور محافل کا نام نہیں، سیرتِ نبوی ﷺ کو زندگی میں نافذ کرنا اصل مقصد ہے۔ محبتِ رسول ﷺ کا حقیقی تقاضا اتباع، اطاعت، حسنِ اخلاق اور کردار کی اصلاح ہے۔
مینارِ پاکستان پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی 43ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کے انعقاد سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دعوت کا مقصد مخالف کو شکست دینا نہیں بلکہ اس کا دل جیتنا ہے، مومن وہ ہے جو دوسروں کے لیے آسانی پیدا کرے، مشکلات میں سہارا دے اور کسی پر بوجھ نہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ انسان اپنا احتساب کرے کہ اس کی ذات سے دوسروں کو سکون ملتا ہے یا تکلیف۔ نرم مزاجی، ملنساری اور لوگوں سے انسیت مومن کی نمایاں اخلاقی صفات ہیں۔ انسانی محبت کی فصل نرم، کشادہ اور ہموار دل کی سرزمین پر اگتی ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حقیقی قربت جسمانی تعلق نہیں، دلوں کی قربت کا نام ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت پوری انسانیت کے لیے محبت، شفقت اور خیر خواہی کا عملی نمونہ ہے۔ حضور ﷺ نے غلطی کرنے والے کی اصلاح فرمائی مگر اس کا دل نہیں توڑا۔
شیخ السلام ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نرمی اور رفق کو پسند فرماتا ہے، دعوتِ دین میں بھی نرم اسلوب اختیار کرنا چاہیے۔ علماء اور داعیانِ دین محبت، حکمت اور نرمی کو اپنے اسلوبِ دعوت کا حصہ بنائیں، ہمیں اپنی زندگیوں کو سیرتِ طیبہ ﷺ کے سانچے میں ڈھالنا ہوگا، سیرتِ نبوی ﷺ پر عمل سے معاشرے میں محبت، نرمی اور انسانیت کی خیر خواہی فروغ پاتی ہے۔
عالمی میلاد کانفرنس میں چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی آمد پر عاشقانِ مصطفیٰ ﷺ نے والہانہ استقبال کیا۔
چیئرمین سپریم کونسل اور صدر منہاج القرآن کی آمد پر نعروں سے مینارِ پاکستان گونج اٹھا۔ عالمی میلاد کانفرنس میں عاشقانِ رسول ﷺ کا جذبہ دیدنی، مرد و خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مینارِ پاکستان کا سبزہ زار جشنِ میلاد النبی ﷺ کے روح پرور مناظر پیش کرنے لگا۔
الازہر الشریف کے جید علماء نے 43ویں عالمی میلاد کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ ورلڈ ایسوسی ایشن فار الازہر گریجویٹس کے نائب صدر ڈاکٹر وائل محمود السید بخیت کانفرنس میں شریک ہوئے۔
اسلامک ریسرچ اکیڈمی الازہر الشریف کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد عبدالدائم الجندی نے عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی جبکہ دنیا بھر سے آئے علماء و مشائخ اور ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ نے عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی۔