اقوام متحدہ کے ادارے برائے اطفال (یونیسف) نے اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان میں یونیسف کی نمائندہ پرنیل آئرون سائیڈ نے بیان میں کہا کہ نومولود بچوں کی المناک ہلاکت پر جاں بحق بچوں کے خاندانوں اور متاثرہ تمام افراد سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر نومولود کو زندگی کے آغاز میں محفوظ ماحول ملنا چاہیے اور ہر ماں اور بچے کو محفوظ طبی مرکز میں علاج کی سہولت دستیاب ہونی چاہیے۔
یونیسف کی نمائندہ نے مطالبہ کیا کہ تمام صحت مراکز میں آگ سے بچاؤ اور حفاظتی انتظامات کے معیارات کا فوری جائزہ لے کر انہیں مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ماؤں اور بچوں کو محفوظ ماحول میں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔