لاہور ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے بڑی سہولت، نئے امیگریشن کاؤنٹرز فعال

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے نئے قائم کردہ امیگریشن ایریا کو مکمل طور پر آپریشنلائز کر کے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا


طالب فریدی August 26, 2026

لاہور:

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خوشخبری، نہ قطار اور نہ انتظار اب فوری امیگریشن کا عمل منٹوں میں مکمل ہوگا۔

پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی نے نئے امیگریشن کاؤنٹر بنا دیے، وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے نئے امیگریشن کاؤنٹر کا افتتاح کیا اور بیرون ممالک جانے والے مسافروں کو نئی ملنے والی امیگریشن کاؤنٹر کی سہولیات کے حوالے سے بات چیت کی جبکہ مسافروں کی طرف سے خوشی کا اظہار کیا گیا۔

نئے امیگریشن ایریا کی کامیاب آپریشنلائزیشن اور وفاقی وزیرِ داخلہ نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا دورہ کیا۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور نے مسافروں کو مزید بہتر سہولیات کی فراہمی اور امیگریشن پراسیسنگ کی استعداد میں اضافے کے لیے نئے قائم کردہ امیگریشن ایریا کو مکمل طور پر آپریشنلائز کر کے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ، سید محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کے نئے آپریشنلائزڈ امیگریشن ایریا کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیرِ داخلہ نے نئے امیگریشن ایریا میں مسافروں کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی لاہور کی ٹیم کی جانب سے انجام دیے گئے کام کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔

وزیرِ داخلہ نے ایئرپورٹ مینجمنٹ اور متعلقہ افسران کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئے امیگریشن ایریا کی آپریشنلائزیشن سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر امیگریشن پراسیسنگ کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے مسافروں کو بہتر، مؤثر اور سہل سفری سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔