اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں آگ لگنے سے 14 نومولود بچوں کی المناک موت نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا۔
پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی واقعے پر شدید دکھ اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
زنیرا انعام:
اس دل دہلا دینے والے سانحے پر اداکار عثمان مختار کی اہلیہ زنیرا انعام نے 14 نومولود بچوں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا مبینہ غفلت کے ذمہ داروں کا کبھی احتساب ہوگا یا چند روز بعد یہ سانحہ بھی عوامی یادداشت سے محو ہو جائے گا۔
محمد احمد:
سینئر اداکار محمد احمد نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سانحے کے ذمہ دار افراد کا تعین کر کے انہیں جوابدہ بنایا جانا چاہیے۔
مدیحہ نقوی:
میزبان مدیحہ نقوی نے متاثرہ ماؤں اور خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے لیے صبر کی دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔
واقعے پر سامنے آنے والے ردعمل میں ملک کے نظام پر بھی سخت تنقید کی گئی اور کہا گیا کہ ایسے سانحات کے بعد چند روز مذمت اور افسوس کا اظہار کیا جاتا ہے، لیکن پھر سب اگلے سانحے تک اسے بھول جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ بدھ کی صبح پمز کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ وارڈ کی تیسری منزل پر واقع نرسری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جہاں نومولود بچے زیر علاج تھے۔ حکام کے مطابق واقعے میں 14 نومولود جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک بچے کو بچا لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کا حکم دیا ہے۔