کوسوو: فٹبال سر پر اچھالتے ہوئے 17 ٹی شرٹس پہننے کا عالمی ریکارڈ

56 سالہ اگیم آگوشی گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا


ویب ڈیسک August 27, 2026

کوسوو سے تعلق رکھنے والے فٹبال کے شوقین نے سر پر مسلسل فٹبال اچھالتے ہوئے 17 ٹی شرٹس پہن کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

56 سالہ اگیم آگوشی (جو ہائی اسکول کے ریاضی کے استاد اور دو بچوں کے والد ہیں) نے اس کارنامے کے دوران فٹبال کو مسلسل اپنے سر کے ذریعے کنٹرول کیا اور ایک کے بعد ایک 17 ٹی شرٹس پہنیں۔ اس سے قبل ان کا اپنا ریکارڈ 14 ٹی شرٹس کا تھا۔

اگوشی کے مطابق اس مرتبہ ریکارڈ قائم کرنے کا مقصد خاص تھا۔ انہوں نے 17 ٹی شرٹس اس لیے پہنیں کیونکہ 17 فروری کو کوسوو کا یومِ آزادی منایا جاتا ہے۔

اگوشی اس سے پہلے بھی گینیز ورلڈ ریکارڈز کے کئی اعزازات اپنے نام کر چکے ہیں۔ ان میں سر پر فٹبال کنٹرول کرتے ہوئے 28 ٹی شرٹس اتارنے، ٹی شرٹ پہننے اور اتارنے کے عمل کو 164 مرتبہ دہرانے اور دو افراد کے درمیان 34 منٹ اور ایک سیکنڈ تک سر سے فٹبال اچھالنے کے ریکارڈز شامل ہیں۔