لاہور میں کلہاڑی کے وار سے گدھے کو قتل کرنے والا سفاک شخص گرفتار

پولیس نے آلہ قتل برآمد کرلیا جبکہ مقدمہ شہری کی درخواست پر درج کیا گیا ہے


سید مشرف شاہ August 26, 2026

لاہور کے علاقے برکی میں کلہاڑی کے وار سے بے زبان جانور کو قتل کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق برکی  کے علاقے میں کلہاڑی کے وار سے بے زبان جانور کی جان لینے والے ملزم کو پولیس نے فوری کارروائی کر کے گرفتار کرلیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزم کی شناخت محمد علی کے نام سے ہوئی جس پر گدھے کی پچھلی ٹانگوں اور کمر پر کلہاڑی سے وار کر کے جان لینے کا الزام ہے۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق شہری کی درخواست پر برکی پولیس نے فوری مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی جبکہ واقعہ پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 429 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والی کلہاڑی برآمد کر کے شواہد کو محفوظ کر لیا جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے ملزم کو انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔