مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے حوالے سے تاحال فیصلہ نہ کرسکی تاہم بیرسٹر افتخار گیلانی اور شاہ غلام قادر کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے اور ان میں سے کسی ایک کو منصب دیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں سینیٹر رانا ثنا اللہ، خواجہ سعد رفیق، صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، نومنتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق اور ڈپٹی اسپیکر آزاد کشمیر احمد رضا قادری شریک ہوئے۔
اجلاس میں ن لیگ کی قیادت نے بیرسٹر افتخار گیلانی اور شاہ غلام قادر کو وزیراعظم آزاد کشمیر بنانے پر غور کیا تاہم مشاورت مکمل نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے اجلاس کو ایک روز کیلیے ملتوی کردیا گیا۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کی حکومت سازی کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم کا انتخاب 28 اگست کو ہوگا۔ اجلاس میں آئندہ کی پارلیمانی حکمت عملی اور حکومت سازی کے امور، نئی کابینہ کی تشکیل اور حکومتی ترجیحات پر بھی مشاورت کی گئی۔
اس کے علاوہ گڈ گورننس اور حکومتی امور بہتر بنانے کے اقدامات اور حکومت سازی کے آئندہ لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا۔