آبنائے ہرمز میں ٹینکر پر نامعلوم حملہ، آگ بھڑک اٹھی، تمام عملہ محفوظ

آئل ٹینکر پر حملے کا یہ واقعہ عمان کے علاقے خصب کے نزدیک پیش آیا جہاں حوثی متحرک ہیں


ویب ڈیسک August 27, 2026
امریکا کا تیل ایران لے جانے کے الزام پر خلیج عمان میں آئل ٹینکر پر حملہ

آبنائے ہرمز میں ایک ٹینکر پر نامعلوم سمت سے آنے والے ایک پروجیکٹائل ٹکرایا جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔

برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) کے مطابق آئل ٹینکر پر لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا اور جہاز پر موجود تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

یوکے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنر نے اپنے تازہ انتباہ میں بتایا کہ واقعے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جبکہ ماحول پر بھی کسی منفی اثر کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

واقعے کی وجوہات اور حملے میں استعمال ہونے والے ہتھیار سے متعلق مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں اور حکام تحقیقات کررہے ہیں۔

خلیج نیوز کے مطابق UKMTO نے واقعے کو آبنائے ہرمز کے قریب عمان کے علاقے خصب کے نزدیک رپورٹ کیا ہے۔

ادارے نے کمرشل جہازوں کو اس علاقے سے گزرتے ہوئے غیر معمولی سرگرمیوں پر نظر رکھنے، احتیاط برتنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔ 

ابھی تک آئل ٹینکر کا نام، پرچم، کارگو یا یہ تفصیل سامنے نہیں آئی کہ اسے کس نوعیت کے پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا۔ حکام کی جانب سے بھی کسی فریق کو واقعے کا ذمہ دار قرار نہیں دیا گیا۔ 

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کو مسلسل خطرات کا سامنا ہے حالانکہ آج (27 اگست) کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی تعداد میں معمولی اضافہ ہوا۔