ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو امریکی تاریخ کا عظیم ترین صدر قرار دے دیا

ٹرمپ کی فہرست میں جو بائیڈن، اوباما، جمی کارٹر، یولیسز اور ہارڈنگ کو ’ناکام صدور‘ کے درجے میں رکھا گیا


ویب ڈیسک August 28, 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدور کی اپنی تیار کردہ فہرست میں خود کو ملک کی تاریخ کا ’عظیم ترین صدر‘ قرار دے دیا ہے۔

ٹرمپ نے یہ درجہ بندی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کی، جس میں انہوں نے مختلف سابق امریکی صدور کو الگ الگ درجوں میں رکھا۔

ٹرمپ کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں امریکی تاریخ کے متعدد معروف صدور کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا۔ انہوں نے سابق صدر ابراہام لنکن، جارج واشنگٹن، فرینکلن ڈی روزویلٹ، ووڈرو ولسن، تھامس جیفرسن اور اینڈریو جیکسن کو ’’عظیم صدور‘‘ کی فہرست میں شامل کیا۔

ٹرمپ نے اپنی درجہ بندی میں خود کو ان تمام صدور سے بھی اوپر رکھتے ہوئے امریکی تاریخ کا سب سے عظیم صدر قرار دیا۔ اس طرح ان کی تیار کردہ فہرست میں ڈونلڈ ٹرمپ خود پہلے نمبر پر دکھائی دیتے ہیں۔

سابق صدر تھیوڈور روزویلٹ، گروور کلیولینڈ، جان ایڈمز اور جیمز کے پولک کو ٹرمپ نے عظیم صدور کے قریب ترین درجے میں رکھا۔ اس کیٹیگری میں شامل صدور کو انہوں نے اعلیٰ کارکردگی کا حامل قرار دیا، تاہم انہیں اپنی ’’عظیم ترین‘‘ کیٹیگری سے الگ رکھا۔

ٹرمپ نے بعض دیگر سابق صدور کو درمیانے درجے میں بھی شامل کیا۔ ان کی فہرست میں سابق صدر بل کلنٹن سمیت مجموعی طور پر 12 صدور کو ’’اوسط‘‘ درجے میں رکھا گیا۔

اس کے علاوہ ٹرمپ نے چھ سابق صدور کو اوسط سے بھی کم درجے میں شامل کیا۔ ان صدور کو ان کی نظر میں امریکی صدارت میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں میں شمار نہیں کیا گیا۔

ٹرمپ کی فہرست میں سابق صدر جو بائیڈن، باراک اوباما، جمی کارٹر، یولیسز ایس گرانٹ اور وارن جی ہارڈنگ کو ’’ناکام صدور‘‘ کے درجے میں رکھا گیا۔ اس درجہ بندی میں موجود صدور کو ٹرمپ نے امریکی تاریخ کے کمزور ترین صدور میں شمار کیا۔