راولپنڈی:کمسن بچی سے نازیبا حرکات والا ملزم نیفے میں گولی چلنے سے زخمی

سی سی ڈی کے مطابق ملزم کی شناخت عثمان طارق کے نام سے ہوئی ہے


ویب ڈیسک August 28, 2026

راولپنڈی میں چار سالہ کمسن بچی سے نازیبا حرکات کے مقدمے کا ملزم گرفتاری کے دوران اپنے ہی نیفے میں گولی چلنے سے زخمی ہوگیا۔

سی سی ڈی کے مطابق ملزم کی شناخت عثمان طارق کے نام سے ہوئی ہے، جس پر دو روز قبل تھانہ وارث خان کے علاقے محلہ حکمداد میں چار سالہ بچی سے نازیبا حرکات کا الزام ہے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آئی تھی، جس میں ملزم کو گلی میں جاتی کمسن بچی کو پکڑتے اور مبینہ طور پر نازیبا حرکات کرتے دیکھا گیا۔

بچی نے جان بچا کر بھاگنے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے دوبارہ پکڑ لیا، جبکہ بعد ازاں بچی کے گھر میں داخل ہونے پر ملزم بھی اس کے پیچھے دروازے سے اندر چلا گیا، واقعے کا مقدمہ تھانہ وارث خان میں درج کیا گیا تھا، جس کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری تھی۔

سی سی ڈی کے مطابق گرفتاری کے دوران ملزم عثمان طارق نے نیفے سے پستول نکالنے کی کوشش کی تو اسی دوران گولی چلنے سے وہ خود زخمی ہوگیا۔

ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا، ڈی او سی سی ڈی جاوید احمد مرزا کا کہنا ہے کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی اور خواتین و بچوں کا استحصال کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔