وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ تمام آئل ریفائنریز ریفائنری اپ گریڈیشن کیلئے معاہدوں پر دستخط کے لیے تیار ہیں.
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ملاقاتوں میں براؤن فیلڈ ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی پر عملدرآمد، ریفائنریز کی مالی و آپریشنل کارکردگی اور توانائی سکیورٹی کا جائزہ لیا.
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی تمام آئل ریفائنریز ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی کے تحت معاہدوں پر دستخط کے لیے تیار ہیں.
پانچوں ریفائنریز کے معاہدوں پر آئندہ ماہ کے آغاز میں دستخط اور ریفائنری اپ گریڈیشن سے چھ ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری متوقع ہے.
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان کی پانچوں آئل ریفائنریز کی انتظامیہ سے ملاقات کی اور کہا کہ ریفائنری اپ گریڈیشن ملک کے ریفائننگ شعبے کی طویل مدتی پائیداری کے لیے ضروری ہے.
انہوں نے کہا کہ آج ریفائنری اپ گریڈیشن سے پاکستان میں یورو 5 معیار کے ایندھن کی مصنوعات تیار کی جا سکیں گی، مقامی سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی پیداوار سے درآمدی پٹرول اور ڈیزل پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی.
انہوں نے مزید کہا کہ مقامی طور پر پٹرول اور ڈیزل کی تیاری سے قیمتوں میں کمی میں بھی مدد مل سکتی ہے.
مزید برآں حکومت پالیسی پر عملدرآمد سے متعلق مسائل کے حل میں ریفائنریز کو سہولت فراہم کرتی رہے گی.
پارکو نے وزیر پٹرولیم کو حب میں مجوزہ آئل سٹی کے حوالے سے جاری پیش رفت سے بھی آگاہ کیا.