وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے سعودی وزیر ماحولیات کی ملاقات، پاکستانی زرعی ماہرین کے جلد دورۂ ریاض کا امکان

وزیراعظم کا پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمد کے حوالے سے جاری مثبت تعاون پر اطمینان کا اظہار


ویب ڈیسک August 28, 2026

اسلام آباد:

سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے سعودی وزیر اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے تینوں ممالک مزید قریب آئے ہیں اور اس معاہدے نے پورے خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، اس لیے اب دونوں ممالک کو اقتصادی اور زرعی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر توجہ دینی چاہیے، تاکہ دیرینہ تعلقات کو مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان، خصوصاً پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمد کے حوالے سے جاری مثبت تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے وسائل کے زیادہ مؤثر استعمال کے ذریعے تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان کے زرعی ماہرین کا ایک وفد جلد ریاض کا دورہ کرے گا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان ان امور پر مزید بات چیت کی جائے گی تاکہ اس شراکت داری کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

سعودی وزیر نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، عطا تارڑ، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق ملک، جنید انوار چوہدری، ڈاکٹر سید توقیر شاہ، بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

فیلڈ مارشل سے ملاقات

پاکستان کے دورے پر موجود سعودی عرب کے وزیرِ ماحولیات، پانی و زراعت، انجینئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفضلی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔


آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آرمی چیف نے پاکستان اور مملکتِ سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے مابین دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، سعودی وزیر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان، بالخصوص زراعت اور ماحولیاتی پائیداری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔