لاہور:
وفاقی وزیر چوہدری سالک کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ انہوں نے ایک بار پھر ای او بی آئی پنشن میں اضافے کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں، کامیابی کی صورت میں یہ ایک سال میں دوسری بار اضافہ ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے ای او بی آئی پنشن میں مزید اور فوری اضافے کے لیے ٹیم کو اہم ٹاسک دے دیا، چوہدری سالک نے ای او بی آئی بورڈ کو مالی گنجائش اور فنڈز کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
چوہدری سالک گزشتہ برس ای او بی آئی کی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کروا چکے ہیں، ساڑھے 11 ہزار سے 32 ہزار روپے ماہانہ پنشن کے ساتھ پنشنرز کو بقایا جات کی مد میں بھی فائدہ دیا گیا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ ای او بی آئی پنشنرز کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
دریں اثنا وفاقی وزیر نے ای او بی آئی پنشنرز کو فیک نوٹی فکیشن اور جعل سازوں سے محتاط رہنے کی بھی ہدایت دی ہے۔