سپنس تھرل جاسوسی اور پرسرار ناولوں کی دنیا سے متاثر کن فلم ’’آئی جے‘‘ کا پہلا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔
جاسوسی ناول کے بے تاج بادشاہ مصنف اشتیاق احمد کا تخلیق کردہ کردار انسپکٹر جمشید کسے یاد نہ ہوگا۔ یہ کردار مہارت، پُراسراریت اور ذہانت سے بھرا شخص ہے جس کا انداز تفتیش سب سے نرالا ہے۔
اسی انسپکٹر جمشید کے کردار پر فلم ’’آئی جے‘‘ بنائی گئی جس کے لیے اشتیاق احمد کے ایک ناول کی پیچیدہ کہانی کا نہ سلجھنے والا کیس چنا گیا ہے۔
اس شاہکار فلم ’’آئی جے‘‘ کا ٹریلر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر محمد عدنان بٹ نے بتایا کہ اس منفرد کردار انسپکٹر جمشید کو کہانیوں سے نکال کر پردہ سکرین پر لانا مقصد تھا۔
انھوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل جین زی کو ایسا زبردست کردار دکھانا چاہتا ہوں جو آج کبھی ناول کے ورق پر زندگی جیتا تھا اور آج ڈیجیٹل کی دنیا میں قدم رکھ رہا ہے۔
فلم کے ہدایتکار فہد نور نے کہا کہ فلم کو بڑا بنانا اصل مشکل نہیں تھا بلکہ یہ فیصلہ کرنا مشکل تھا کہ کیا چیز دکھانی ہے اور کیا چیز راز میں رکھنی ہے۔ انسپکٹر جمشید کی کہانی اس لیے مؤثر ہے کیونکہ اس میں سراغ اہم ہیں، خطرات حقیقی ہیں۔
فلم میں خان رحمان کا کردار ادا کرنے والے آصف رضا میر نے کہا کہ ٹریلر ناظرین کو تمام جوابات فراہم نہیں کرتا بلکہ انہیں مزید سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔ خان رحمان ایک ایسی دنیا میں رہتا ہے جہاں ہر بات پر سوال اٹھتا ہے اور وہ اس وقت سامنے آتا ہے جب کہانی ناظرین کو ان چیزوں پر دوبارہ غور کرنے پر مجبور کرتی ہے۔
خیال رہے کہ عمیر رانا اس فلم میں انسپکٹر جمشید جبکہ احد رضا میر بہزاد کے کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں فرحان طاہر، ظفر برکی، آصف رضا میر، انوشے عباسی بطور مسز جمشید اور جد حدید سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں فلمائی جانے والی ’فلم کے ایکشن سیکوئنسز جارج کربی نے ڈائریکٹ کیے ہیں جو گیم آف تھروں مارول میی بھی ایکشن سیکوئنس کرچکے ہیں۔