نیلم منیر کے ہاں بیٹے کی پیدائش، خاندانی ذرائع نے خوشخبری سنادی

نیلم منیر نے نومبر 2024 میں دبئی میں محمد راشد سے شادی کی تھی


ویب ڈیسک October 08, 2026

پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ نیلم منیر کے مداحوں کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، قریبی خاندانی ذرائع کے مطابق اداکارہ اور ان کے شوہر محمد راشد کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

نیلم منیر کا شمار پاکستان کی مقبول ٹیلی ویژن اور فلم اداکاراؤں میں ہوتا ہے اور انسٹاگرام پر انہیں 77 لاکھ افراد فالو کرتے ہیں۔ نیلم منیر نے نومبر 2024 میں دبئی میں محمد راشد سے شادی کی تھی۔ شادی کے بعد انہوں نے ٹیلی ویژن ڈراموں سے فاصلہ اختیار کیا اور دبئی منتقل ہوگئیں۔ حالیہ عرصے میں دبئی میں ان کی بعض عوامی مصروفیات کے دوران ان کا بے بی بمپ بھی نظر آیا تھا، تاہم اداکارہ نے اپنی جانب سے حمل کی باضابطہ تصدیق نہیں کی تھی۔

اب نیلم منیر کے شوہر کے ایک قریبی رشتہ دار کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جوڑے کے ہاں ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ دوسری جانب اداکارہ نے تاحال اپنے مداحوں کے ساتھ اس خبر کو باضابطہ طور پر شیئر نہیں کیا۔

محمد راشد کے ایک قریبی دوست نے ٹک ٹاک پر مبارکباد دیتے ہوئے بچے کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کیا۔ پوسٹ میں محمد راشد کو ’’پیارے بھائی‘‘ کہہ کر مبارکباد دی گئی اور نومولود کے لیے صحت، خوشی اور لمبی عمر کی دعا بھی کی گئی۔

خبر سامنے آنے کے بعد نیلم منیر کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے جوڑے کے لیے نیک خواہشات اور مبارکباد کے پیغامات دینا شروع کردیے۔ مداح اب اداکارہ کی جانب سے اپنے نومولود بیٹے کی پیدائش کی باضابطہ تصدیق اور تصاویر شیئر کیے جانے کے منتظر ہیں۔