امریکا: 36 لاکھ برس قدیم شارک کا دانت دریافت

یہ دریافت باپ بیٹے کو ساحلِ سمندر پر چہل قدمی کے دوران ہوئی


ویب ڈیسک August 29, 2026

امریکا میں ایک کم عمر لڑکے نے ساحلِ سمندر پر اپنے والد کے ساتھ چہل قدمی کے دوران 36 لاکھ سال قدیم میگالوڈون شارک کا دانت دریافت کرلیا۔

42 سالہ مائیکل باؤورز اپنے 11 سالہ بیٹے بو کے ہمراہ امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر سی آئل سٹی گئے ہوئے تھے، جہاں جیٹی کے ساتھ چہل قدمی کے دوران انہیں یہ حیران کن دریافت ہوئی۔

مائیکل کے مطابق وہ عموماً پانی میں عجیب و غریب چیزیں تلاش کرلیتے ہیں لیکن انہیں کبھی توقع نہیں تھی کہ اس طرح کوئی قدیم فوسل ہاتھ لگ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دانت ملنے پر ان کا بیٹا ’حیرت سے گنگ رہ گیا‘۔

باپ بیٹا جیٹی کے ساتھ چل رہے تھے کہ ایک تنگ سے سوراخ میں انہیں یہ دانت نظر آیا۔ مائیکل کا ہاتھ اس سوراخ کے اندر نہیں پہنچ پا رہا تھا۔ تاہم، بو نے آسانی سے ہاتھ اندر ڈال کر دانت نکال لیا۔ مائیکل کے مطابق اس لمحے ان کے گھٹنے کانپ رہے تھے۔

دونوں نے اپنی دریافت کو کیپ مے وہیل واچ اینڈ ریسرچ سینٹر پہنچایا، جہاں ماہرین نے معائنہ کرنے کے بعد تصدیق کی کہ یہ میگالوڈون شارک کا فوسل شدہ دانت ہے۔

میگالوڈون ایک دیوہیکل شارک تھی جو لاکھوں برس قبل سمندروں میں راج کرتی تھی اور اسے سمندری تاریخ کے خطرناک ترین شکاریوں میں شمار کیا جاتا ہے۔