جیکولین کو چھوڑنے کی منتیں کرتی تھیں؛ چندرشیکھر کا نورا فتیحی کے نام خط سامنے آگیا

سکیش چندرشیکھر تقریباً 200 کروڑ بھارتی روپے کی منی لانڈرنگ کے مقدمے میں ملزم ہے


ویب ڈیسک August 29, 2026

عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکارہ اور ڈانسر نورا فتیحی اور اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے مقدمے میں گرفتار سکیش چندرشیکھر کے درمیان مبینہ تعلقات سے متعلق ایک نیا خط سامنے آگیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس خط میں سکیش نے نورا پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اسے اداکارہ جیکولین فرنینڈس سے تعلق ختم کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتی تھیں۔

چندر شیکھر نے خط میں دعویٰ کیا کہ اس نے نورا کو مراکش کے شہر کاسابلانکا میں گھر خریدنے کے لیے کروڑوں روپے فراہم کیے تھے۔ انھوں نے نورا کو مبینہ طور پر چیلنج بھی کیا کہ وہ اس دور کی دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو بھی سامنے لے آئیں۔

خط میں سکیش نے مبینہ واٹس ایپ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نورا کو اس کی شناخت اور اثر و رسوخ کا علم تھا اور وہ مہنگی اشیا جیسے برکن ہینڈ بیگز، بی ایم ڈبلیو اور رینج روور میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔

سکیش چندر شیکھر نے ایک مبینہ گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نورا نے رینج روور کو ’خوبصورت اور نمایاں گاڑی‘ قرار دیا تھا۔

جیکولین فرنینڈس سے تعلق پر بھی دعویٰ

خط میں سکیش نے نورا فتیحی کے ساتھ اپنے مبینہ تعلق اور اداکارہ جیکولین فرنینڈس کے ساتھ اپنے رشتے سے متعلق بھی کئی دعوے کیے۔

اس کا کہنا تھا کہ نورا ان کے جیکولین کے ساتھ تعلق سے مبینہ طور پر ناخوش تھیں اور اسے بار بار فون کرتی تھیں۔

سکیش نے الزام عائد کیا کہ نورا ایک دن میں کئی مرتبہ اسے فون کرکے جیکولین کو چھوڑنے کی درخواست کرتی تھیں اور اس سے اپنی زندگی کے اخراجات برداشت کرنے کا مطالبہ کرتی تھیں۔

سکیش نے اپنے خط میں نورا کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسے اشتعال نہ دلائیں۔ اگر باقی شواہد منظرعام پر لانے کا فیصلہ کیا تو نورا کے لیے اپنی ساکھ بچانا مشکل ہوجائے گا۔

200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کیس

سکیش چندرشیکھر تقریباً 200 کروڑ بھارتی روپے کی منی لانڈرنگ کے مقدمے میں ملزم ہے۔ اس کیس کے دوران اس کے متعدد بالی ووڈ شخصیات کے ساتھ مبینہ روابط اور مہنگے تحائف کے دعوے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

نورا فتیحی ماضی میں اس معاملے میں اپنے خلاف کسی بھی الزام کی تردید کرچکی ہیں۔ اداکارہ کا مؤقف رہا ہے کہ وہ اس معاملے میں خود متاثرہ فریق تھیں۔

نورا اور سکیش کے درمیان ماضی کے مبینہ رابطوں سے متعلق بحث اس وقت دوبارہ شدت اختیار کرگئی جب اداکارہ نے حال ہی میں سکیش سے وابستگی کے باعث پیش آنے والے جذباتی دباؤ اور مشکلات پر گفتگو کی۔

سکیش چندرشیکھر کی جانب سے نورا فتیحی کے نام مبینہ طور پر لکھا گیا یہ ہاتھ سے تحریر کردہ خط سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق خط کی اصلیت کی تصدیق کی گئی ہے تاہم اس میں سکیش کی جانب سے کیے گئے الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔