سہیل آفریدی زیادتی کے بعد قتل 5 سالہ آیت نور کے گھر پہنچ گئے، انصاف کی یقین دہانی

واقعے میں ملوث عناصر کو سخت سزا دی جائے گی اور انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے گا، وزیراعلیٰ پختونخوا


ویب ڈیسک August 29, 2026

پشاور:

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 5 سالہ آیت نور کے گھر پہنچ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی سہیل  آفریدی نے متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی کیا اور آیت نور کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں خیبرپختونخوا کے عوام اور حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو سخت سزا دی جائے گی اور انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بل کو مزید مؤثر اور سخت بنایا جائے گا۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔