دنیا بھر میں کرپٹو کرنسی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے سرمایہ کاروں، ماہرین معیشت اور علماء دین سب کو ایک ہی سوال پر لا کھڑا کیا ہے۔
کیا یہ ڈیجیٹل اثاثہ اسلامی نقطہ نظر سے حلال ہے یا حرام؟ پاکستان سمیت مسلم دنیا میں اس موضوع پر مسلسل بحث جاری ہے اور چونکہ یہ معاملہ براہِ راست عوام کی مالی زندگی سے جڑا ہے، اس لیے اسے سمجھنے کے لیے تاریخی، فقہی اور قانونی تینوں پہلوؤں کو مدِنظر رکھنا ضروری ہے۔
کرپٹو کرنسی ایک ڈیجیٹل یا ورچوئل کرنسی ہے، جس کا کوئی کاغذی نوٹ یا دھاتی سکہ موجود نہیں ہوتا۔ یہ کمپیوٹر نیٹ ورک پر بلاک چین (Blockchain) نامی ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ، منتقل اور ریکارڈ کی جاتی ہے ، ایک ایسا ڈیجیٹل لیجر جس میں تمام لین دین محفوظ انداز میں درج ہوتے ہیں اور انھیں تبدیل کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔
روایتی کرنسی کے برعکس، زیادہ تر کرپٹو کرنسیاں کسی حکومت یا مرکزی بینک کے ذریعے کنٹرول نہیں کی جاتیں، بلکہ ایک غیر مرکزی (Decentralized) نظام کے تحت کام کرتی ہیں، اگرچہ بعض ممالک نے اپنی سینٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی (CBDC) بھی متعارف کرائی ہے، جو کرپٹو کرنسی سے مختلف تصور کی جاتی ہے۔
کرپٹو کرنسی کے ذریعے ادائیگیاں، سرمایہ کاری، بین الاقوامی رقوم کی منتقلی اور بعض ڈیجیٹل خدمات کی خرید و فروخت کی جاتی ہے۔ دنیا کی معروف کرپٹو کرنسیوں میں بِٹ کوائن (Bitcoin)، ایتھیریم (Ethereum) اور دیگر ڈیجیٹل اثاثے شامل ہیں۔
اسی مقام پر شرعی سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا کرپٹو کرنسی اسلامی فقہ کے بنیادی اصول، یعنی مال، ثمنیت، غرر، ربا، قمار، عرف، قبضہ اور ملکیت کی شرائط پر پوری اترتی ہے یا نہیں۔ اس بحث کو سمجھنے کے لیے امام ابن تیمیہؒ کے کرنسی سے متعلق افکار خاص اہمیت رکھتے ہیں۔
ابن تیمیہؒ کے نزدیک سونا اور چاندی بذاتِ خود کوئی مقدس یا لازمی حیثیت نہیں رکھتے، بلکہ ان کی ’’ثمنیت‘‘ (قیمت، مالیت) دراصل لوگوں کے عرف(عام قاعدے اور رواج کے مطابق) اور باہمی تعامل سے وجود میں آئی۔
ان کا موقف یہ تھا کہ کرنسی کی اصل حیثیت اس چیز کی نہیں بلکہ اس کے کردار کی ہے ، یعنی جو چیز بھی معاشرے میں قیمتوں کے تعین اور تبادلے کے ذریعے کے طور پر تسلیم کر لی جائے، وہ ثمن کا درجہ حاصل کر سکتی ہے، بشرطیکہ اس میں ظلم، دھوکہ یا فساد شامل نہ ہو۔
یہی وجہ ہے کہ بعد کے فقہاء نے ابنِ تیمیہؒ کے اسی اصول کی روشنی میں کاغذی کرنسی کو جائز قرار دیا، حالانکہ اس کی کوئی ذاتی مادی قدر نہیں ہوتی۔ معاصر علماء میں سے جو حضرات کرپٹو کرنسی کے بعض پہلوؤں پر مشروط گفتگو کے قائل ہیں، وہ اکثر اسی اصول سے استدلال کرتے ہیں کہ ثمنیت کوئی جامد صفت نہیں بلکہ عرف اور ریاستی نظم سے جڑی ہوئی ہے۔
اس کے برعکس جو علماء کرپٹو کرنسی کو موجودہ صورت میں ناجائز سمجھتے ہیں، وہ اسی اصول کی بنیاد پر یہ دلیل دیتے ہیں کہ چونکہ کرپٹو کرنسی کو نہ ریاستی تائید حاصل ہے اور نہ ہی مستحکم عرف، اس لیے یہ ابھی تک ثمنیت کی شرط پوری نہیں کرتی۔
اسلامی مالیاتی اصولوں کی تفصیلی وضاحت۔
1 ۔مال (Mal): وہ چیز جس کی شرعاً و عرفاً مالیت تسلیم شدہ ہو، جس میں منفعت ہو اور جسے محفوظ رکھا جا سکے۔ سوال: کیا کرپٹو کرنسی، جس کی مادی صورت نہیں، اس تعریف پر پوری اترتی ہے؟2۔ ثمنیت (Thamaniyyah): تبادلے اور قیمت کے تعین کا معیار بننے کی صلاحیت۔ سونا چاندی ذاتی قدر رکھتے تھے، کاغذی کرنسی ریاستی اعتماد پر ثمن بنی۔
سوال: کیا کرپٹو کرنسی ریاستی تائید کے بغیر ثمن بن سکتی ہے؟
3۔غرر سے اجتناب: غیر یقینی پن اور ابہام والے معاملات ممنوع ہیں۔ کرپٹو کی شدید قیمتی اتار چڑھاؤ اور غیر شفافیت کو غرر کے زمرے میں شمار کیا جاتا ہے۔
4 ۔ربا کی ممانعت: سود حرام ہے۔ سوال: کیا ’’سٹیکنگ‘‘ یا ’’یلڈ فارمنگ‘‘ جیسے طریقے ربا کے زمرے میں آتے ہیں؟
5۔قمار سے دوری: جوا حرام ہے۔ کرپٹو میں غیر معمولی سٹے بازی کو بعض علماء قمار سے مشابہ قرار دیتے ہیں۔
6۔عرف کی رعایت: معاشرے میں رائج عام رواج کو مدنظر رکھا جاتا ہے، بشرطیکہ وہ دیگر اصولوں سے متصادم نہ ہو۔
7 ۔قبضہ اور ملکیت: بیع میں چیز پر واضح تصرف ضروری ہے۔ ڈیجیٹل والٹ اور پرائیویٹ کیز کو بعض علماء ’’حکمی قبضہ‘‘ مانتے ہیں، بعض مزید غور کے قائل ہیں۔
علماء کی مختلف آراء۔
ایک رائے کے مطابق موجودہ صورت میں کرپٹو کرنسی شرعی اصولوں پر پوری نہیں اترتی، جس پر مفتی محمد تقی عثمانی اور ان کے ہم خیال علماء نے موجودہ صورت میں اس کی خرید و فروخت کو جائز نہیں قرار دیا ہے۔
دوسری جانب بعض دیگر معاصر علماء اور اسلامی مالیات کے ماہرین کا موقف یہ ہے کہ تمام ڈیجیٹل اثاثوں کو ایک ہی حکم کے تحت نہیں دیکھا جا سکتا۔ مولانا محمد بشیر فاروقی نے بھی حالیہ دنوں میں اسی نوعیت کی رائے کا اعادہ کیا ہے۔
اس لیے میری رائے یہ ہے کہ کرپٹو کرنسی کو حتمی طور پر حلال یا حرام قرار دینا ابھی قبل از وقت ہے ، اصل بات یہ ہے کہ اس کا مستقبل اس بات پر منحصر ہے کہ ریاست اسے کتنے موثر انداز میں منظم، شفاف اور شریعہ سے ہم آہنگ بناتی ہے، اگر اسٹیٹ بینک آف پاکستان مستقبل میں اپنی مرکزی ڈیجیٹل کرنسی (CBDC) بھی جاری کرے تو یہ فقہی اختلاف مزید کم ہو کر ایک واضح اور متفقہ سمت اختیار کر سکتا ہے۔
یہ مسئلہ اجتہادی نوعیت کا ہے، اس لیے جلدبازی کے فیصلوں کے بجائے مستند علمی مصادر سے رہنمائی لینا اور اختلاف رائے کا احترام کرنا زیادہ مناسب ہے۔ ریاستی سطح پر منظم اور شفاف اقدامات ہی وہ راستہ ہیں جو اس فقہی اختلاف کو عملی طور پر کم کر سکتے ہیں۔
یہ تحریر ایک تحقیقی و قانونی تجزیہ ہے، فتویٰ نہیں اور کسی بھی مالی فیصلے سے قبل مستند اہل علم اور اسلامی مالیات کے ماہرین سے رجوع کرنا ضروری ہے۔