بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اپنے مقبول شو کے دوران شادی شدہ زندگی سے متعلق ایک دلچسپ مشورہ دے کر حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔
شادی شدہ مردوں کو مخاطب کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر گھر میں بیگم ناراض ہوں یا کسی معاملے پر بحث شروع ہوجائے تو شوہر کے لیے سب سے بہتر حکمت عملی یہی ہے کہ وہ فوراً اپنی غلطی تسلیم کرلے۔
بگ بی نے ہنستے ہوئے کہا کہ بحث کو طول دینے یا جواب دینے کے بجائے خاموشی اختیار کرنا اور اپنی غلطی مان لینا زیادہ دانشمندی ہے، کیونکہ معاملہ زیادہ بڑھ جائے تو جوتے، چپل اور بیلن بھی حرکت میں آ سکتے ہیں۔
امیتابھ بچن کی اس برجستہ بات پر شو کے سیٹ پر موجود حاضرین، خصوصاً شادی شدہ مرد، بے اختیار قہقہے لگانے لگے۔
اداکار کی یہ دلچسپ ’ازدواجی نصیحت‘ نشر ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔ کئی صارفین نے اسے شادی شدہ زندگی کی مزاحیہ حقیقت قرار دیتے ہوئے بگ بی کے اندازِ گفتگو کو سراہا۔
امیتابھ بچن اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی برجستہ گفتگو اور حاضر جواب شخصیت کے باعث بھی مداحوں میں خاصے مقبول ہیں، اور ان کا یہ تازہ تبصرہ بھی شوبز حلقوں میں دلچسپی کا باعث بن گیا ہے۔