وزیرداخلہ محسن نقوی کا کراچی ایئرپورٹ اور پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ

محسن نقوی نے امیگریشن کاؤنٹرز اور مسافروں کو فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا اور عوام کے تاثرات لیے


آفتاب خان August 29, 2026
فوٹو اسکرین گریپ

کراچی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں عوامی مرکزپاسپورٹ آفس اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرامیگریشن کاؤنٹرزکا اچانک دورہ کیا۔

ذرائع کےمطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی جمعرات کی شب خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچے جہاں ایئرپورٹ پر انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز پر عملے کی حاضری اور مسافروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔

اس موقع پرڈائریکٹرایف آئی اے کراچی زون منتظرمہدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ محسن نقوی نے امیگریشن کاؤنٹرز اور مسافروں کو فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں موجود مسافروں سے سفری سہولیات اور امیگریشن کےعمل سے متعلق فیڈبیک بھی حاصل کیا۔

اس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ عوامی مرکز پاسپورٹ آفس پہنچے۔ وہاں انہوں نے پاسپورٹ بنوانے کے لیے آئے شہریوں سے ملاقات کی اور پورے عمل کے بارے میں پوچھا۔

محسن نقوی نے شہریوں سے ٹوکن کے اجراء سے باری آنے تک کے وقت کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں نے پاسپورٹ بنوانے کے نظام کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاسپورٹ آفس عوامی مرکز کو شہریوں کی سہولت کے لیے مزید کشادہ کیا جائےگا،جس کے بعدوفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی خلیجی ملک کی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے دبئی روانہ ہوگئے۔