مقتول میر رضا علی خان کی یاد میں ان کے نکاح کی طے شدہ تاریخ پر’شبِ رضا‘ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کے ایم سی فٹ بال گراؤنڈ کشمیر روڈ پر کیا گیا۔
میر رضا علی خان کی یاد میں تقریب کا انعقاد میر رضا کے نکاح کی پہلے سے طے شدہ تاریخ پر کیا گیا، 29 اگست کو میر رضا کا نکاح طے تھا ہفتے کی شب منعقدہ تقریب میں اہل خانہ، دوستوں ، عزیزوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں میر رضا علی خان کے لیے مغفرت کی دعا کی گئی اور شرکا نے میر رضا علی خان کی یادیں تازہ کیں، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، تلاوت قرآن پاک اور درود شریف پڑھ کر میر رضا کو ایصال کیا گیا اور میر رضا علی خان کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اور شہید میر رضا علی خان کو خراج عقیدت پیش کی گئی، اس موقع پر شرکا نے میر رضا علی خان کی زندگی اور یادوں پر اظہار خیال کیا۔
مقتول کے اہل خانہ اور شرکا نے میر رضا علی خان کے لیے انصاف کے مطالبے کا اعادہ کیا، شرکا نے میر رضا علی خان کو انصاف دلانے کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
شب رضا میں میر رضا کے وکیل جبران ناصر اور جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس نے بھی اظہار خیال کیا، دونوں شخصیات نے پولیس کی جانب سے قاتلوں کی گرفتاری کے سلسلے میں احتجاج کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے پر محکمے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ قاتلوں تک پہنچنے کے بجائے پولیس انصاف کے متلاشی نوجوانوں کی ایف آئی آر درج کر رہی ہے جو ناقابل قبول ہے۔
جبران ناصر نے اس موقع پر وہاں موجود لوگوں سے اس سلسلے میں جدوجہد جاری رکھنے اور میر رضا کے اہل خانہ کا ساتھ دینے پر شرکا کی تعریف بھی کی۔