سوات ایکسپریس وے پر ہائی ایس وین اور ڈمپر کے درمیان خوفناک حادثہ، 4افراد جاں بحق

حادثے میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے، مسافر بردار ہائی ایس مردان سے دیر جا رہی تھی، ترجمان موٹر وے پولیس


ویب ڈیسک August 30, 2026

پشاور:

سوات ایکسپریس وے پر شاہ کوٹ کے قریب مسافر بردار ہائی ایس اور ڈمپر کے درمیان خوفناک حادثے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو 1122 حکام کے مطابق سوات موٹر وے ٹنل نمبر 3 کے قریب فلائنگ کوچ اور ڈمپر کے درمیان خوفناک حادثہ پیش آیا

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثے میں 5 افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو مسافروں کو موقع پر فرسٹ ایڈ دے کر روانہ کر دیا گیا۔

زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ڈی ایچ کیو بٹ خیلہ اور مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت 81 سالہ فیض، 58 سالہ مسماتہ شائستہ نور، 52 سالہ عزیز خان اور 31 سالہ مسماتہ حمیدان عجب کے نام سے ہوئی۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حادثہ ہائی ایس ڈرائیور کی غفلت و لاپرواہی کے باعث پیش آیا، مسافر بردار ہائی ایس مردان سے دیر جا رہی تھی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے سوات ایکسپریس وے ٹریفک حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی۔

گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، غم کی گھڑی میں لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔