ٹاپ سیڈ ناصر اقبال نے  سندھ چیلنجر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی

ناصر اقبال نے اگلے دونوں گیم 2-11 اور 9-11 سے جیت کر وننگ ٹرافی کے ساتھ  950 ڈالرز کی انعامی رقم بھی حاصل کرلی


زبیر نذیر خان August 30, 2026

ٹاپ سیڈ ناصر اقبال نے  پی ایس اے سندھ چیلنجر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔

 جہانگیر خان اسپورٹس کلب میں منعقدہ 6  ہزار ڈالرز انعامی رقم کی چیمپین شپ کے فائنل میں  سابق قومی چیمپین32 سالہ ناصر اقبال نے اپنے شاگرد 19سالہ عبداللہ نواز کو 48 منٹ کے دلچسپ مقابلے کے بعد 1-3 سے مات دے کر ٹائیٹل اپنے نام کیا۔

سیمی فائنل میں سیڈ 2 طیب اسلم کو ہرا کر اپ سیٹ کرنے والے عبداللہ نواز کے خلاف ناصر اقبال نے پہلا گیم 6-12 سے جیتا، دوسرا گیم عبداللہ نے 3-11 سے جیت کر مقابلہ 1-1 کردیا۔

بعدازاں ناصر اقبال نے اگلے دونوں گیم 2-11 اور 9-11 سے جیت کر وننگ ٹرافی کے ساتھ  950 ڈالرز کی انعامی رقم بھی حاصل کرلی، عبداللہ نواز  نے رنر اپ ٹرافی اور 6سو ڈالرز  وصول کیے۔

مہمان خصوصی سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر انگلینڈ کے معروف اسکواش آرگنائزر زبیر جہان خان، ہاکی اولمپین ممتاز حیدر و دیگر  بھی موجود تھے۔