کراچی، خصوصی افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے یونیفائیڈ میراتھن کا انعقاد، ہزاروں افراد کی شرکت

ہاف میراتھن کے بعد تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوگی


زبیر نذیر خان November 29, 2026

کراچی:

کراچی کے ساحل پر ایمار سینٹر ڈی ایچ اے میں 12ویں ایس او پی لیکسن انوسٹمنٹ یونیفائیڈ میراتھن کا انعقاد کیا گیا جس میں خصوصی افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

میراتھن میں عام شہریوں، اہل خانہ، اعلیٰ سرکاری حکام، معروف کھلاڑیوں، فنکاروں، غیر ملکی سفارت کاروں اور ذہنی معذوری کا شکار افراد نے حصہ لیا، شرکا کے جوش و جذبے کو بڑھانے کے لیے بینڈ نے نغمے بھی پیش کیے۔

ایونٹ میں تجربہ کار رنرز کے لیے 21 کلومیٹر ہاف میراتھن، 10 اور 5 کلومیٹر کی دوڑیں جبکہ خصوصی افراد، بچوں اور بزرگوں کے لیے ایک کلومیٹر یونیفائیڈ واک اور وہیل چیئر ریس بھی شامل تھی، میراتھن کے آغاز سے قبل بھی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری رہا۔

ہاف میراتھن کے بعد تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوگی، جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب مہمان خصوصی ہوں گے۔

چیئرپرسن اسپیشل اولمپکس پاکستان رونق لاکھانی کا کہنا ہے کہ وہ کھیلوں کے ذریعے ذہنی معذوری کا شکار افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اور خصوصی افراد کو معاشرے کا مضبوط حصہ بنانا مقصد ہے۔