انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم مینجمنٹ میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا۔
لندن میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی سربراہی میں ہونے والی میٹنگ میں اہم فیصلے کرلیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن کو ایجبسٹن میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔ ہیسن اس سے قبل قومی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا نزلہ ٹیم مینجمنٹ پر بھی گرنے والا ہے جبکہ موجودہ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو عہدوں سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وطن واپسی پر سرفراز اور عمرگل ذمے داریوں سے فارغ ہوجائیں گے۔
ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کی جگہ مائیک ہیسن مستقل طور پر ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری بھی سنبھال سکتے ہیں جبکہ عمر گل کی جگہ ایشلے نوفکے کو نیا بولنگ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پی سی بی نے محمد رضوان، امام الحق اور سلمان علی آغا کو بھی فوری وطن واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرفراز احمد کی کوچنگ میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم نے 6 میچز کھیلے جن میں قومی ٹیم کو صرف ایک کامیابی حاصل ہوئی جبکہ 5 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان شکستوں میں بنگلہ دیش کے خلاف اوے سیریز میں وائٹ واش بھی شامل ہے۔